انسداد کورونا، پاکستان کیساتھ شعبہ صحت میں وسیع تعاون جاری: امریکی ناظم الامور

  انسداد کورونا، پاکستان کیساتھ شعبہ صحت میں وسیع تعاون جاری: امریکی ناظم ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونز نے خط لکھ کر رمضان المبارک کی مبارکباد، نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے حا ل ہی میں کورونا سے نمٹنے کیلئے اشتراک عمل پر بات کی ہے،امریکہ اور پاکستان کورونا کے معاشی اثرات سے نبردآزما ہونے کیلئے شراکت داری اور تیزی سے کوششیں کررہے ہیں۔ سفیر پال جونز نے کہا کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے پاکستان کیساتھ صحت کے شعبے میں وسیع تعاو ن جاری ہے،امریکہ نے پاکستانی نادار طبقات کی مدد کیلئے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی مدد احساس ایمرجنسی پروگرام میں دی ہے،یہ امداد 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے فراہم کی گئی ہے،غذایت کی کمی کا شکار بچوں کیلئے امریکہ نے 336 میٹرک ٹن خوراک فراہم کی ہے۔ سفیر پال جونز نے خط میں کہا صحت کے پچاس مراکز کو طبی آلات اور غذایت کی کمی کے شکار بچوں کے علاج کیلئے خوراک فراہم کی گئی ہے،کورونا وائرس کیخلاف مشترکہ جنگ کیلئے امریکہ نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے،فوری نوعیت کی ضروریا ت پوری کرنے کی خاطر اضافی امداد کی فراہمی کیلئے پاکستانی حکام سے مل کر کام کررہے ہیں،موبائل لیبارٹریز، طبی عملہ کی تربیت، صوبائی آپریشن سینٹرز کی بہتری اور مہاجرین کی مدد کیلئے بھی اقدامات کئے گئے،ان مشکل حالات میں پاکستانیوں کی طرف سے خیرسگالی اور مدد کے اظہار پر شکر گزار ہیں،مشکل حالات سے متاثر ہونیوالے پاکستانیوں کیلئے نیک تمناوں اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں،مشترکہ کوششوں سے کورونا کو شکست دیں گے اور اپنی خوشحالی وآزادی کا تحفظ کریں گے۔

امریکی ناظم الامور

مزید :

صفحہ اول -