واپڈاہائیڈ رویونین کا بھر تیوں میں تاخیر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  واپڈاہائیڈ رویونین کا بھر تیوں میں تاخیر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  

پشاور (سٹی رپورٹر) بھرتی میں غیر معمولی تاخیر‘ پسکو میں بڑھتے ہوئے جان لیوا حادثات اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین خیبر پختونخوا کی کال پر صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پسکو ملازمین نے سماجی فاصلہ کو مد نظر رکھتے ہوئے مظاہرے کئے۔ اس سلسلے میں صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال ' سیکرٹری نورالامین حیدرزئی ' ناصر خان ' محمد حسین ' نصراللہ مہمند' شفیع اللہ اور دیگر کی قیادت میں واپڈا کے سینکڑوں محنت کشوں نے رنگ روڈ پشاور پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال' سیکرٹری نورالامین حیدرزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت ' وزارت پاور ڈویژن' پیپکو اتھارٹی اور پسکو انتظامیہ پر زور دیا کہ پسکو اور ٹسکو میں خالی آسامیوں پر فوری بھرتی شروع کیا جائے۔ بھرتی میں غیر معمولی تاخیر اور کام کی دباؤ کی وجہ سے آئے روز واپڈا کی فیلڈ سٹاف لقمہ اجل بن رہے ہیں جس کی وجہ سے پسکو اور ٹسکو اہلکاروں میں تشویش اور خوف و ہراس پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں بھی واپڈا کے غیور محنت کش اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر فرنٹ لائن میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں آخر میں انہوں نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت اور وزارت پاور ڈویژن سے پر زور مطالبہ کیا کہ عیدالفطر پر واپڈا ملازمین کیلئے حسب سابق ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -