کوروناسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر صدق دل سے عمل ضروری،ناصر شاہ

  کوروناسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر صدق دل سے عمل ضروری،ناصر شاہ

  

کراچی(این این آئی)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان کاروباری اوقات میں نرمی کے حوالے سمجھوتہ خوش آئند ہے۔ تاجر صبح 6تاشام 5بجے کاروبار کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ ناصر حسین شاہ کے مطابق حکو مت سندھ نے عوام کے وسیع تر مفاد اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق وفاق حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اضافے یا کمی کا فیصلہ عوام اور تاجروں کے لاک ڈاون پر پابندی سے مشروط ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خریداری کے لئے بازارجانے والے افراد حکومتی ہدایات پر مکمل ذمہ داری کے ساتھ عملد در آمد کریں اور ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں کیونکہ کورونا کے خلاف احتیاط ہی سب سے موثر ہتھیار ہے۔تاجر نہ صرف خود کوبلکہ اپنے کسٹمرز کو بھی ایس او پیز کا پابند بنائیں گے کیونکہ تاجروں اور لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ ازخود احتیاطی تدابیر پر صدق دل سے عمل کریں۔

ناصر شاہ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -