کراچی،کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق
کراچی(کرائم رپورٹر) شہر قائد میں کرونا وائرس انفیکشن سے محکمہ پولیس کا ایک اور اہل کار جان کی بازی ہار گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق ہو گیا، کرونا وائرس سے جاں بحق اہل کار و افسران کی تعداد 3 ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 150 افسران اور جوان کرونا وبا سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 118 اہل کار زیر علاج ہیں جب کہ 29 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اب تک ایک ہزار سے زائد پولیس اہل کاروں کے کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، اور یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔اس سلسلے میں بوائز اسکاٹس آڈیٹوریم میں ڈاکٹر فرحان عیسی کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹر عیسی لیبارٹری کی جانب سے مجموعی طور پر 1000 اہل کاروں کے ٹیسٹ کیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق پولیس فورس صحت مند ہوگی تو فرائض بہترین طریقے سے ادا کر سکیں گے، دیگر اضلاع میں بھی آگاہی پروگرام اور بلڈ اسکریننگ و ٹیسٹنگ کیے جائیں گے۔