کراچی،انسداد دہشتگردی عدالتوں میں کوروناوائرس پھیلنے کا خدشہ

    کراچی،انسداد دہشتگردی عدالتوں میں کوروناوائرس پھیلنے کا خدشہ

  

کراچی (این این آئی) انسداد دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سیز) میں احتیاطی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے جوڈیشل افسران، عملے اور وکلا کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عدالتی عملے اور وکلا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے اب تک تقریبا 4 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔عدالتی عملے کے مطابق تازہ ترین کیس اے ٹی سی- 13 کے عملے کے 38 سالہ شخص میں سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے متعلقہ عدالت کے جج نے صحت حکام سے کہا تھا کہ وہ متاثرہ شخص سے رابطے میں رہنے والے دیگر عملے کے ٹیسٹ کروائیں۔اس تمام صورتحال کے حوالے سے عملے کے ایک رکن نے بتایا کہ ان کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔ادھر سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں کام کرنے والے اے ٹی سی 18 کے سرکاری پراسیکیوٹرز اور جوڈیشل اسٹاف نے شکایت کی کہ متاثرہ عملے کی تعداد میں اضافہ ہونے کے باوجود حکومت کی طرف سے کسی بھی طرح کے حفاظتی اقدامات یا سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں اے ٹی سی 16 میں تعینات عدالتی عملے کے ایک اور رکن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔بعد ازاں متعلقہ عدالت کے جج نے سروسز ہسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کہا تھا کہ وہ عدالت کے دیگر عملے کے ٹیسٹ کروائیں اور اب ان کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔اس سے قبل اے ٹی سی میں سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔عملے کے رکن نے بتایا کہ عدالتوں کے دونوں مقامات پر کوئی سینیٹائزر، ماسک یا جسم کے درجہ حرارت کی جانچ کرنے والی مشینیں موجود نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ججوں نے کمرہ عدالت میں داخل ہونے والے ہر فرد، بشمول عملہ، پراسیکیوٹر، تفتیشی افسران، وکلا اور قیدی کو ہدایت کی تھی کہ وہ سینیٹائزر کا استعمال کریں اور اپنے منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔ایک اور رکن نے بتایا کہ ججز کے ساتھ ساتھ عملے کے ممبران اور پراسیکیوٹرز نے اپنی جیب سے خود کے لیے چہرے کے ماسک اور سینیٹائزرز خریدے ہیں کیونکہ حکومت نے انہیں کچھ فراہم نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت عوامی مقامات پر سماجی دوری سے متعلق پابندی پر جارحانہ طور پر عمل درآمد کر رہی ہے وہیں وہ اے ٹی سی میں کئی مریضوں کے باوجود اپنے محکموں کو نظرانداز کررہی ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -