18 ویں ترمیم کہتی ہے لوگوں کے مسائل حل کرو۔خرم شیر زمان

  18 ویں ترمیم کہتی ہے لوگوں کے مسائل حل کرو۔خرم شیر زمان

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایک نیا مشن شروع کیا ہے کہ سندھ کے اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے لئے مہم چلائیں گے۔سندھ کے اسپتالوں کا بہت برا حال ہے۔جب تک اسپتال ٹھیک نہیں ہونگے ہم اسی طرح مہم چلائیں گے۔کچھ اسپتال کو لگاتار اربوں روپے دیے جارہے ہیں۔ابھی تک ڈھائی ارب کورونا کے نام پر خرچ ہوچکے ہیں۔انڈس اسپتال کو بہت بڑی رقم کورونا کی صورت میں دی گئی۔لیکن وہاں پر سہولیات موجود نہیں ہیں۔اسپتالوں اور این جی اوز کو پیسے دیتے رہے مگر حالات سب کے سامنے ہیں۔ اس موقع پر ترجمان کراچی جمال صدیقی، اراکین سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء، شہزاد قریشی،ڈاکٹر عمران علی شاہ، رابستان خان، پی ٹی آئی رہنما کیپٹن (ر) رضوان خان، عمران صدیقی، گوہر خٹک، فضہ ذیشان، تہمینہ خٹک، ارم بٹ اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزیدکہا کہ اس ڈھائی ارب کا آڈٹ کرایا جائے۔سندھ میں وینٹیلیٹرز موجود نہیں ہیں۔اوپی ڈیز بند ہونے سے لوگ پریشان ہیں۔اگر کسی کی طبیعت خراب ہوجائے تو وہ کہاں علاج کرائے۔اگر کوئی پہنچ جائے تو وہاں کورونا کا ٹیسٹ لکھ دیتے ہیں۔پیر جو گوٹھ میں ٹیسٹ کرائے گئے وہ مثبت آئے۔انہوں نے نجی اسپتالوں سے ٹیسٹ کرائے وہ منفی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ملاقات کل پرائیویٹ اسپتال مالکان سے ہوئی ہے۔سندھ میں کورونا کے لیے ہر ڈسٹرکٹ میں ایک ہسپتال ہونا چاہیے۔وزیر تعلیم اب کورونا پر بات کررہے ہیں۔جس کے اپنے حلقے میں گدھے بندھے ہوئے ہیں وہ صحت پر بات کررہا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری او پی ڈیز کو کھولا جائے۔سندھ حکومت کا سامان مارکیٹ میں بیچا جارہا ہے۔جس وزیر کا صحت سے تعلق نہیں وہ بیانات دینا بند کرے۔اربوں روپے سالانہ صحت کا بجٹ کہیں نظر نہیں آرہا۔12 سال میں پی پی کی حکومت کتوں کا بندوبست نہیں کرسکی۔50 کروڑ کا بھی ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔سندھ حکومت کی ایس او پیز ہمیں قبول نہیں۔لاڑکانہ سیہون کراچی سمیت پوری سندھ کی عوام پی پی سے پریشان ہے۔ہم ان کو ایکسپوز کرتے رہیں گے۔صحت کے نظام پر سندھ حکومت کو معاف نہیں کریں گے۔سندھ حکومت کے وزراء سوشل میڈیا پر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔صوبے کے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔سندھ کو پتھر کے زمانے میں دھکیلا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ان صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو پی پی کی کرپشن کو سامنے لائے۔میں تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔1 جولائی سے تینوں اسپتال وفاق کے حوالے ہوجائیں گے۔جو اربوں روپے ان پر خرچ کیے گئے ہیں ان کا حساب لیا جائے گا۔بلاول زرداری سندھ کے صحت کے نظام کے ناکارہ ہونے کا اعتراف کررہے ہیں۔ہم ہاتھ جوڑ رہے ہیں کہ بلاول آپ سندھ کی جان چھوڑیں۔ہم سندھ کے لوگوں کو پی پی سے نجات دلائیں گے۔آج ہمارا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے۔سندھ کے لوگوں کو جگانے کا وقت ہے۔اس نظام کو عمران خان کی قیادت میں ٹھیک کریں گے۔ہم ذرا سی بات کرتے ہیں تو پی پی سندھ کارڈ کھیلنا شروع کردیتی ہے۔18 ویں ترمیم کے بعد کورونا سے لڑنا اسپتال ٹھیک کرنا پی پی کی ذمہ داری ہے۔لیکن وزیراعظم بلاتفریق پورے ملک کی خدمت کررہے ہیں۔اربوں روپے سندھ کی عوام کو دیے گئے ہیں۔وفاق سے ڈیمانڈ ہے کہ جو اربوں روپے سندھ کو دیے گئے ہیں اس کا حساب بھی لیا جائے۔ہم ان کو احساس دلاتے رہیں گے۔بلاول اور زرداری صاحب کھربوں روپے سندھ کی عوام کے لیے کھولیں۔اپنی جائیدادیں عوام کو دیں۔یہاں میٹر ریڈر آئے تھے آج اربوں پتی بن چکے ہیں۔سندھ کے لوگو جاگو ان سے ہم نے اپنا حق لینا ہے۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ میں ٹیسٹ غیر معیاری ہورہے ہیں۔عوام ذہنی دباؤ کا شکار ہورہی ہے۔وزیر اعلیٰ کے الٹے سیدھے ہاتھ بیٹھے لوگ بلاول کے چمچے ہیں۔انہیں اپنے ساتھ عوام کے چمچے رکھنے کی ضرورت ہے۔پی پی کو اس وقت اپنے وزراء کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔18ویں ترمیم جو جو کہتی ہے اس پر سندھ حکومت عمل نہیں کررہی۔18 ویں ترمیم نہیں کہتی کے کتے کاٹنے کی ویکسین نہ دو۔صوبے سندھ کے لوگ سسکتے رہیں یہ 18 ویں ترمیم نہیں کہتی۔18 ویں ترمیم کہتی ہے لوگوں کے مسائل حل کرو۔ہم سندھ کے لوگوں کے لیے آسانی پیدا کریں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ یہاں سب لوگ کورونا کے مریض نہیں ہیں۔کورونا سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پھیل رہا ہے۔کورونا کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔ہمیں احتیاط کرنے کی اشد ضرور ہے۔ہمیں بچوں اور اپنے بزرگوں کو بھی بچانا ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء کا کہنا تھا کہ ہم سب نے پرزور آواز اٹھائی۔اب حکومت پر سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔حکومت نے کوئی بھرپور مہم نہیں چلائی۔ماسک کورونا کو روکنے کا اہم ٹول ہے۔سندھ حکومت نے کہیں بھی عوام کو فری ماسک نہیں دیے۔کاروبار اور روزگار دو ماہ سے بند ہے۔اربوں روپے لیکر سندھ حکومت اپنے اوپر خرچ کررہی ہے۔ہماری نظریں آپ پر ہیں ایک ایک چیز بے نقاب کریں گے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -