جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور یوم بد منایا گیا

جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور یوم بد منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت آج 17رمضان کو یومِ بدر جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ حفاظتی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حق وباطل کے پہلے معرکے یومِ بدر کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں اجتماعات منعقد کئے گئے، جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہناؤں کے علاوہ ممتاز علمائے کرام،دینی رہنماؤں،علمی وادبی شخصیات نے معرکہ بدر کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم میں یوم بدر کے حوالے سے منعقد ہ اجمتاع سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ بدر کا واقعہ اہل ایمان کو بدی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرتا ہے،یومِ بدر کا پیغام اللہ رب العالمین پر مکمل بھروسہ اور ایمان کے ساتھ ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، نبی اکرم ؐ سے محبت اور وفاداری ہی کامیابی کی کلید قرار پاتی ہے،غزوہ بدر میں وسائل کے اعتبار سے انتہائی کمزور لوگوں نے بہت بڑے گروہ اور ہر قسم کے اسلحے سے لیس لشکر کو اپنی ایمانی قوت کی بنا پر شکست سے دوچار کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیرصوبہ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر اسلام وکفر کا پہلا معرکہ تھا جس میں اللہ تعالیٰ نے حق کے قافلے کو فتح دلاکر اسلام کا بول بالا کیا،غزوہ بدر میں مومنوں کی فتح سے کفار کا غررور خاک میں مل گیا، غزوہ بدر نے رہتی دنیا تک کیلئے یہ سبق دیا کہ کامیابی مال ودولت،غرور وتکبر سے نہیں بلکہ حق پر چلنے اور اللہ کی نصرت سے ملتی ہے۔ اس معرکہ میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کی امداد کیلئے آسمان سے فرشتوں کو نازل کیا جس کا اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ؐ سے وعدہ کیا تھا۔۔لاڑکانہ: شہباز کالونی لاڑکانہ میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہجنگ بدرسچائی کی خاطر ڈٹ جانے کا جذبہ فراہم کرتی ہے، یہ حق اور باطل کے درمیان امتیاز کی ایک تحریک کا نام ہے، سرور کونینؐ اور صحابہؓ کرام نے اس وقت کے طاغوت کے دانت کھٹے کرکے بتا دیا کہ اسلام دبنے کیلئے نہیں آیا، غزوہ بدر رنگ و نسل اور ذات پات پر نہیں نظریات پر لڑی جانے والی جنگ ہے۔غزوہ بدر امت مسلمہ کی زبوں حالی کے خاتمہ کیلئے مشعل راہ ہے، فضائے بدر پیدا کیے بغیر امت مسلمہ وقار حاصل نہیں کر سکتی، دین کیلئے جان دینے کا جذبہ دین اسلام کے غلبہ کا سامان ہے، غزوہ بدر تحفظ ناموس رسالت کی خاطرحضرت معاذ اور حضرت معَوّذ ؓکی غیرت کا درس دیتا ہے، اس جنگ سے ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کو کسی اور کا ڈر نہیں ہوتا، باطل قوتوں کے سامنے معذرت خواہانہ رویّہ اختیار کرنیوالے حکمرانوں کو غزوہ بدر سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ خیرپور: سیٹھارجہ میں ممتاز حسین سہتو نے یوم بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 17 رمضان المبارک غزوہ بدر کی یاد دلاتاہے جب مسلمانوں نے کفار کی بڑی قوت کو پاش پاش کر دیا تھا اور جذبہ قوت ایمانی سے کفار کی کمر توڑد ی۔ آج بھی فضائے بدر پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سیرت طیبہ ؐکی روشنی میں دفاعِ پاکستان کشید کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اْمتِ مسلمہ فروعی اختلافات کی وجہ سے دست و گریباں ہو رہی ہیں۔ میدانِ بدر ہمیں اتحاد، صبر وتحمل اور اللہ تعالیٰ کی فتح و نصرت پر کامل یقین کا درس دیتاہے۔ امت مسلمہ اگر آج بھی سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ اسلام کے دفاع اور اسلام کو اغیار اور دشمن قوتوں کی سازشوں اور حملوں سے بچانے کے لیے اصحاب بدر والا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کا بال بیکا نہیں کرسکتی۔حیدرآباد: جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے اسراولیج میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ بدر کے دن خداپرستوں نے بت پرستوں کو شکست فاش دی،خون کے رشتوں پر نظریاتی رشتوں کو فوقیت دی، تاریخ نے یہ ثابت کیا کہ جب اخلاص اور للاہیت ہو تو قلیل تعداد کثیر اکثریت پر بھی بھاری ہوسکتی ہے۔اللہ کو کبھی بھی تکبر اور غرور پسند نہیں، ابو جہل کے غرور کو محمدؐ کے عجز اور انکساری نے خاک میں ملادیا۔یومِ بدر کے موقع پرآپ ؐ کی دعا نصرت ملائکہ کا ذریعہ ثابت ہوئی، اس موقع پر تنظیم اساتذہ کے صوبائی صدر نصراللہ لغاری بھی موجود تھے۔ٹنڈوالہ یار: میں افطارپارٹی سے نائب قیم صوبہ مولاناعبدالقدوس احمدانی نے17رمضان یوم بدر کے حوالے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تاریخ لازوال جدوجھد اورقربانیون کانام ہے۔ریاست مدینہ کی تشکیل جھادہی سے ممکن ہوئی۔مدینہ منورہ کاپہلارمضان تذکرہ جھاد سے روشن ہے۔آج مسلمانون کووھن کی بیماری لاحقھوگئی ھے دنیاکی محبت اورموت کے ڈرنے کفرکی طاقتون کو مغروربنادیاہے۔کشمیرمین کمانڈرریاض کی مظلومانہ شہادت نے جدوجھد آزادی کونیاولولہ عطاکیا ہے،حکمران تقریرتک محدودہوگئے ہی۔جیکب آباد: مبارکپور میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالحفیظ بجارانی نے کہا کہ مجاہدین بدر نے قلت کے باوجود جس عزم اور استقلال سے اسلام کا دفاع اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا اس کی مثال غزوہ بدر سے پہلے اور بعد میں کہیں نہیں ملتی۔ قلت پر کثرت کا غلبہ پہلی مرتبہ غزوہ بدر میں دیکھنے کو ملا، جس سے رہتی دنیا تک مسلمانوں اور مجاہدین کو سبق ملا کہ وہ افراد کی قلت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں بلکہ ایمان، اعتقاد، یقین اور سچے جذبے سے کام لیں تو بڑی سے بڑی ظالم طاقت کو بھی شکست فاش دی جا سکتی ہے۔ اسلام کے پہلے معرکے میں جس طرح جرات و بہادری اور قربانی کی مثالیں رقم کی گئیں وہ اسلام کا اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔ سانگھڑ: ضلع سانگھڑ کے مقام سنجھورو میں معروف تعلیمی ماہر اور مذہبی اسکالر نواب زین لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں سے یہ وعدہ لیا تھا کہ اگر وہ ثابت قدم رہے اور تقویٰ کو اختیار کیا تو دشمن نے یکبارگی بھی حملہ کیا تو اللہ تعالیٰ اپنی خصوصی نصرت اور مدد فرمائے گا، اسطرح بدر کے مجاہدین نے ثابت قدمی اور تقویٰ کا مظاہرہ کیا جس پر اللہ رب العالمین نے خصوصی نصرت کی اور فرشتے بھیج کر فتح مبین سے نواز، آج بھی اگر مسلمان ثابت قدم رہیں اور تقویٰ اختیار کریں تو اللہ کامیابی کا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔ دریں اثناء ٹنڈوآدم،میرپور خاص،جھڈو،ٹھٹہ،بدین سمیت سندھ کے متعدد مقامات پر یومِ بدر کے حوالے سے اجتماعات منعقد کئے گئے۔#

مزید :

صفحہ اول -