قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا حتمی فیصلہ کب ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا حتمی فیصلہ کب ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا حتمی فیصلہ کب ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کے حالات خراب ہیں اور ہمیں کھلاڑیوں کی حفاظت کو پیش نظر رکھنا ہو گا، پاکستان کے دورہ انگلینڈ کا حتمی فیصلہ جون میں ہو گا لیکن جوابی دورے کیلئے یقین دہانی حاصل کرنے کا یہ وقت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے ایک بار پھر سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے معاملے میں کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہم اس حوالے سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں، دونوں بورڈز کے متعلقہ نمائندے 15 مئی کو کانفرنس کال میں شرکت کریں گے جس میں ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو سٹیو ہارمیسن، ڈائریکٹر کرکٹ ایشلے جائلز کے ساتھ چیف میڈیکل آفیسر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز موجود ہوں گے۔

وسیم خان نے بتایا کہ اس کانفرنس کال میں پی سی بی کی جانب سے مجھ سمیت چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور سربراہ میڈیکل پینل ڈاکٹر سہیل سلیم تبادلہ خیال کریں گے اور اس موقع پر جائزہ لیا جائے گا کہ سیریز کے کیا امکانات ہیں، کانفرنس کال میں صرف پلاننگ ہوگی اور سیریز کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ جون میں ہی کرپائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ای سی بی سے پاکستان کے جوابی دورے کے حوالے سے کوئی یقین دہانی لینے کا یہ مناسب وقت نہیں مگر میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے، کرکٹ آسٹریلیا کا وفد بھی آ سکتا ہے تو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 22-2021 ءمیں پاکستان نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں رہ جاتی، اس وقت انگلینڈ کے حالات بہت خراب ہیں، وہ بائیو سیکیور نظام کی بات کررہے ہیں مگر کھلاڑیوں کی آمدورفت اور رہائش کیلئے فلائٹس اور ہوٹلز کا انتظام بھی کرنا ہوتا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ سب سے ضروری کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت ہے کیونکہ وہ جتنا وقت انگلینڈ میں گزاریں گے اتنا ہی زیادہ ایکسپوژ ہوں گے، آئندہ 12 ماہ بہت اہم ہیں، اس صورتحال میں پوری کرکٹ فیملی کو ایک سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ پی سی بی کے آئندہ 12 ماہ تو اطمینان بخش رہیں گے مگر 18 ماہ پر مشتمل دورانئے کے بعد ہمیں بھی مالی ایشوز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، امید ہے کہ اس وقت تک کرکٹ شروع ہوجائے گی۔

مزید :

کھیل -