انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر مہنگا ہو گیا ، سٹاک مارکیٹ میں کیا صورتحال ہے ؟ جانئے
لاہور (ڈیل پاکستان آن لائن )کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی پیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث معیشتیں بھی شدید متاثر ہیں تاہم پاکستان میں آج سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہواہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 38 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر 160 روپے 45 پیسے پر بند ہواہے ۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سے اچھی خبر ہے کیونکہ آج پورا دن گراوٹ کا رجحان نہیں رہا تاہم تیزی دیکھنے میں آتی رہی اور اختتام پر انڈیکس میں 319 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ۔
سٹا ک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 33 ہزار 283 کی سطح پر تھا اور کچھ دیر کے بعد ہی اس میں مثبت رجحان پیدا ہوا ، آج پورا دن ہی کاروبار مثبت سمت میں چلتا رہا تاہم اختتام تک انڈیکس میں 319 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 603 پوائنٹس پر بند ہو ا ۔سٹاک مارکیٹ میں 149,317,224 حصص کا لین دین ہوا جس کی مالیت تقریبا 6,140,164,812 تھی ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 32 ہزار 81 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 706 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 8 ہزار 555 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں ہیں جہاں تعداد 12 ہزار 17 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 869 ہے ۔