پنجاب حکومت اب تک کتنی گندم خرید چکی اور ہدف کتنا ہے؟ناقابل یقین تفصیلات جانئے

پنجاب حکومت اب تک کتنی گندم خرید چکی اور ہدف کتنا ہے؟ناقابل یقین تفصیلات ...
پنجاب حکومت اب تک کتنی گندم خرید چکی اور ہدف کتنا ہے؟ناقابل یقین تفصیلات جانئے

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اب تک 32لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے اور حکومت کے پاس گوداموں مجموعی طور پر35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ 91فیصد سے زائد باردانہ کاشتکاروں میں تقسیم کیا جا چکا ہے،گندم خریداری مہم کا تقریباً 73فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،سینئر وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک،سیکرٹری زراعت اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، سرگودھااور ساہیوال کے کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے،سیکرٹری خوراک نے گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہدف کے حصول تک گندم خریداری مہم جاری رکھے گی- وزیر اعلی نے گندم خریداری کا ہدف ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے کہا کہ غیر معمولی حالات میں ہمیں فوڈ سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے ،کورونا وباء کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے،موجودہ حالات کو مد نظر رکھ کر غیر معمولی اقدامات کرناہو ںگے۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم پورے زور و شور سے جاری رکھی جائے، جذبے سچے، نیت نیک اور عزم پختہ ہو توہرکام ممکن ہے،گندم خریداری مہم کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی- ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسروں سے باز پرس ہو گی۔وزیر اعلی عثمان بزدارنے گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس کے تحت کارروائی جاری رہے گی ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -