صوبے میں کاروبار کی اجازت دی ہے لیکن کسی کو ۔۔۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑی وارننگ دے دی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صنعت و کاروبارسے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی، ملاقات میں زینفا(Zenfa)پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمقصود بسرا نے پاکستان نیوانرجی کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈکی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے 50لاکھ روپے کا چیک وزیر اعلی عثمان بزدار کو پیش کیا،صدر زو انرجی (Zonergy)رچرڈ(Mr.Richard)اور کیون(Mr.Kevin)نے بھی وزیر اعلی عثمان بزدار کو 20 لاکھ روپے کا چیک چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے دیا،زوانرجی کے صدر نے 5 ہزارماسک بھی عطیہ کئے ،وزیر اعلی عثمان بزدارنے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد کیلئے آگے آنے پرمخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں جمع ہونے والی رقم کی پائی پائی حقداروں تک پہنچے گی- کورونا وباء سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی ہے اوران حالات میں صاحب ثروت افراد کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے - دوسروں کا بوجھ بانٹنا بڑی عبادت ہے - وزیر اعلی عثما ن بزدار نے کہا کہ میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران گھروں میں رہیں ، تاجر اور دکاندار ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں،کاروبار کی اجازت دی ہے، کسی کو ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے،زندگیاں محفوظ رکھنے کے لئے احتیاط ضروری ہے ، ہم نے زندگیوں کا تحفظ بھی کرنا ہے اور لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے -صوبائی وزیر توانائی اختر ملک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،سیکرٹری تو انائی، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔