شہباز شریف کی فلسطینی سفاتخانے آمد،مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

شہباز شریف کی فلسطینی سفاتخانے آمد،مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی فلسطین کے سفارتخانے آمد، فلسطینی سفیر سے ملاقات کی،فلسطین کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں فلسطینی سفیر احمد رافعی سے نوازشریف،پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کیساتھ جذبا ت کے اظہار کیلئے حاضر ہوا ہوں،ہم فلسطین کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نماز کے دوران فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ اورظالمانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،بچوں،خواتین سمیت سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر گہرا صدمہ ہے،مسجد اقصی میں نما زیوں پر جس طرح شیلنگ،اسلحہ وبارود استعمال کیاگیا، وہ کھلی دہشت گردی اور ظلم ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادت کرتے ہوئے نہتے مسلمانوں پربلاجواز حملہ کیاگیا، یہ جارحیت اور ظلم ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے،اسرائیل کی اس بلاجواز ریاستی دہشت گردی کے بعد فلسطینی علاقوں پر فضائی حملوں سے مزید شہادتیں ہوئیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں،فلسطین کے عوام دہائیوں سے بڑی جرات و بہادری اور مثالی جذبہ حریت سے اسرائیلی جارحیت اور جبرواستبداد کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں،برس ہا برس سے ارض فلسطین خون میں نہائی ہوئی ہے، رفتہ رفتہ ان کے علاقے اسرائیل نے قبضہ کرلئے ہیں۔انہوں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی سے ہسپتال محفوظ ہیں اور نہ ہی عبادت گاہیں،فلسطینیوں کو طاقت کی بنیاد پر جس طرح ان کے علاقوں سے بے دخل کیاجارہا ہے۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ یہ عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، ’اوسلو سمجھوتہ‘ سمیت تمام معاہدات اورعرب اقدام کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے،عالمی برادری،خاص طورپر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اس بربریت کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے اوآئی سی سے مطالبہ کیا کہ موجودہ نازک صورتحال میں امت مسلمہ کی متحد آواز کے طورپر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اوآئی سی بے گناہ، نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ   قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا، پاکستان نے اسی وجہ سے اسے تسلیم نہیں کیا اس موقع پر فلسطینی سفیر نے شہبازشریف کا شکریہ  ادا کیا  اور کہا کہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے آپ کا اور پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  صدر محمود عباس نے کہاکہ اس حمایت کے لئے آپ اور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں اوراسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

شہباز کی آمد

مزید :

صفحہ اول -