عید پر فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے:آئی جی

عید پر فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے:آئی جی

  

 لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ عید الفطر پرصوبے بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے حساس مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات اور شہریوں کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اے کیٹیگری اور حساس مساجد،امام بارگاہوں سمیت اقلیتی عبادت گاہوں پر عید اجتماعات پر سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے سینئر افسران خود توجہ دیں اورعید کی چھٹیوں کے دوران لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد میں پولیس ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر سرکاری ادارو ں کو ہر ممکن تعاون اور سپورٹ فراہم کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عیداجتماعات کے  سیکیورٹی انتظامات کے دوران حساس مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل پولیس سمیت دیگر فورسز مل کر حساس مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے گردونواح میں آنے والی کچی بستیوں اور ارد گردکے علاقوں میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کو جاری رکھیں انہوں نے مزید کہاکہ حساس عید اجتماعات کے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کے دورانئے کو مزید بڑھایا جائے جبکہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور جرائم کنٹرول کے حوالے سے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ مجرمان کی کارروائیوں سے شہریوں کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید اجتماعات کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔عید الفطر سکیورٹی انتظامات کے متعلق آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ عید الفطر پر صوبے کے تمام اضلاع میں 25249 مساجد، امام بارگاہوں اور807کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 36086 افسران و اہلکار سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے جن میں 256گزیٹڈافسران،522انسپکٹرز،1731سب انسپکٹرز،3461اے ایس آئیز،2508ہیڈ کانسٹیبل،27608 کانسٹیبل شامل ہیں۔ عید سیکیورٹی ڈیوٹی میں 5964پولیس قومی رضاکار اور758 سپیشل پولیس اہلکاربھی تعینات ہونگے جبکہ حساس مساجد و امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے182واک تھرو گیٹس، 10923میٹل ڈٹیکٹرزاور2680سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال ہونگے اور سپروائزری افسران حساس مقامات کے وزٹس کے ساتھ ساتھ اپنی نگرانی میں عید سیکیورٹی پلان پر عمل درآمدیقینی بنائیں گے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ عید الفطر کے سیکیورٹی انتظامات کے دوران پولیس فورس خود بھی کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنایاجائے اور فیس ماسک کو یونیفارم کا لازمی حصہ سمجھا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ منشیات وشراب فروشوں بالخصوص کچی دیسی اور زہریلی شراب بیچنے والے عناصرکے خلاف کریک ڈاؤ ن میں تیزی لائی جائے تاکہ زہریلی شراب پینے سے شہریوں کی ہلاکت کے واقعات کو ہر ممکن کمی لائی جاسکے جبکہ پتنگ بازی سے قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے پتنگ و ڈور کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کرنے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کو جاری رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہاکہ عید الفطر پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران واہلکاروں کو موثر بریفنگ بھی دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن انجام دے سکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عید پر حکومتی لاک ڈاؤن کے حوالے سے دیگر ادارو ں کو سپورٹ کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے اور سینئر افسران اس حوالے سے ذاتی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مزید :

علاقائی -