قبلہ اول کی حفاظت اولین فرائض میں شامل ہے،جاوید قصوری

        قبلہ اول کی حفاظت اولین فرائض میں شامل ہے،جاوید قصوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے ظالمانہ حملے اور آگ لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبلہ اول کی حفاظت ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے۔ مسلم دنیا اسرائیل کے شرمناک اقدام کا نوٹس لے کر عالمی سطح پر متحد ہو۔ یہود و نصاریٰ اپنی تمام اخلاقی و قانونی حدود عبور کرچکے ہیں۔ اگر اب بھی انہیں نہ روکا گیا تو پانی سر سے گزر جائے گا۔ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 9بچوں سمیت 20نہتے فلسطینی شہید اور370سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کے جنگی جہازوں نے غزہ کے رہائشی مقامات کو نشانہ بنایا، جس سے لاشوں کے ڈھر لگ گئے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی اسرائیل کو شہ دے رہی ہے۔ اگرا س کو نہ روکا گیا تو دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس حوالے سے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔ مسجد اقصیٰ پر حملے کے حوالے سے مسلمانوں کے اندر شدید غم و غصہ کے جذبات موجود ہیں۔ امت مسلمہ کو آپس کے تمام تر اختلافات کو بھلا کر کفار کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اگر ہم  بیت المقدس پر مجرمانہ خاموشی کو اختیار کرتے ہیں تو مکہ اور مدینہ کی حفاظت پر بھی سوالیہ نشان لگ جائیں گے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔ عالم اسلام کو کفار کی سازشوں کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اسرائیل مسلمانوں پر نہیں بلکہ انسانیت پر حملے کرکے عالمی ضمیر کے مردہ ہونے کا ثبوت دے رہا ہے۔)