عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، پنجاب پولیس نے پلان تشکیل دیدیا

عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، پنجاب پولیس نے پلان تشکیل دیدیا
عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، پنجاب پولیس نے پلان تشکیل دیدیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )انسپکٹر جنرل(آئی جی )پنجاب  پولیس انعام غنی کے احکامات پر پولیس نے عید الفطر کے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

آئی جی پنجاب کے مطابق عید الفطر پر صوبے کی 25249مساجد، امام بارگاہوں اور807کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 36086 افسران و اہلکار سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔  عید سیکیورٹی ڈیوٹی میں 256گزیٹڈافسران،522انسپکٹرز،1731سب انسپکٹرز،3461اے ایس آئیز،2508ہیڈ کانسٹیبل،27608کانسٹیبل تعینات ہونگے جبکہ  5964پولیس قومی رضاکار اور758 سپیشل پولیس اہلکاربھی عید سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔حساس مقامات پر 182واک تھرو گیٹس، 10923میٹل ڈٹیکٹرزاور2680سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال ہونگے۔

آئی جی پنجاب نے  عید سیکیورٹی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات بھی دئیے۔انکا کہنا تھا کہ  پولیس ٹیمیں سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران کورونا ایس او پیزکی پاسداری پر بطور خاص توجہ مرکوز رکھیں۔ اے کیٹیگری اور حساس مذہبی مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے سینئر افسران خود فیلڈ میں نکلیں۔  حساس مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل پولیس سمیت دیگر فورسز مل کر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو جاری رکھیں۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کی حساسیت اور فرائض بارے موثر بریفنگ دی جائے۔ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پرخو د بھی عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

مزید :

قومی -