محکمہ موسمیات کا چاند کے بارے میں کیا کہنا ہے؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پاکستان میں چاند نظر نہیں آسکتا۔
محکمہ موسمیات پشاور کا کہنا ہے کہ موسم ابر آلود ہونے کے باعث چاند نظر آنے کا امکان کم ہے جبکہ محکمہ موسمیات کوئٹہ کا بھی کہنا ہے کہ بلوچستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہوگی کہ جن علاقوں کے محکمہ موسمیات نے چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کی تھی انہی علاقوں کے لوگوں نے چاند نظر آنے کی گواہیاں دی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق پشاور کے نواحی علاقوں اور بلوچستان سے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش ہوچکی ہے لیکن اس کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی اسے دیکھا جاسکتا ہے، پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے اس لیے یہ نظر نہیں آسکتا۔