اپوزیشن کے نام نہاد الزامات کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا ،مسلم لیگ (ن) امارات
دبئی (طاہر منیر طاہر سے) اگر تحریک انصاف والوں میں ذرا بھی سیاسی بصیرت اور سمجھ بوجھ ہو تو انہیں اخلاقیات کے اندر رہ کر حکومت پر تنقید کرنی چاہیے اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے- پی ٹی آئی کے لیڈران اور ورکرز کی طرف سےبد زبانی اور غیر اخلاقی زبان کے استعمال سے نوجوان نسل اخلاقیات سے عاری ہوتی جا رہی ہے- ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) دبئی و امارات کے کارکنوں اور عہدیداروں نے پی ایم ایل این دبئی کے نائب صدر عبدالرزاق گجر کی طرف سے دئیے گئے خیر سگالی عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا.
عشائیے میں جان قادر، محمد شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، وقاص گھمن، حاجی محمد یونس، غلام محی الدین، ساجد حسین، رانا فیصل اور عامر زیب نے شرکت کی- پی ایم ایل این کے متذکرہ کارکنوں اور عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپوزیشن کی باتوں اور الزامات کا جواب ہر سطح پر بھر پور انداز میں دیا جائے گا اور اس سلسلے میں پی ایم ایل این کے سوشل میڈیا ونگ کو مزید فعال کیا جاے گا-
اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ 28 مئی 2022 کو "یوم تکبیر" بھر پور طریقے سے دبئی میں ا علیٰ پیمانے پر مینارٹی ونگ اور وومن ونگ کے تعا ون سے مشترکہ طور پر منایا جائے گا جس میں پی ایم ایل این امارات کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو دعوت دی جائے گی- متذکرہ کارکنوں اور عہدیداروں نے مزید کہا کہ پی ایم ایل این مینارٹی ونگ کے صدر جان قادر نے اپنے حالیہ دورہ مسقط عمان کے دوران وہاں پی ایم ایل این (مسقط عمان) کا مینارٹی ونگ قائم کر دیا ہے جس پر ہم ان کو مبارکباد کہتے ہیں-
اس موقع پرجان قادر نے کہا کہ گلف ریجن میں 25 ہزار سے زائد مسیحی آباد اور بسلسلہ روزگار موجود ہیں، صرف امارات میں ہی 15 ہزار سے زائد مسیحی موجود ہیں- وہ تمام مسیحیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر رہے ہیں اور جلد ہی گلف ریجن کے دیگر ممالک کا دورہ کر کے وہاں بھی پی ایم ایل این کے مینارٹی ونگ قائم کر دیں گے- پی ایم ایل این دبئی کے بارے بات کرتے ہوے محمد شہزاد بٹ نے ایک دستاویز کا حوالہ دیتے ہوے کہا کہ ایک معاہدے کے تحت 10 اگست 2022 سے عامر سہیل گھمن دبئی یونٹ کے صدر ہوں گے- اس معاہدہ پر پی ایم ایل این امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل، جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال، چودھری عبدالغفار، فیصل الطاف اور راجہ ابوبکر آفندی کے دستخط موجود ہیں-
محمد شہزاد بٹ نے موقع پر موجود تمام لوگوں کویہ معاہدہ بھی دکھایا- ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کے بارے وضاحت کرتے ہوے لیگی عہدیداروں نے کہا کہ مشین کے ذریعے ووٹنگ میں بد عنوانی کا احتمال تھا اس لئے ای وی ایم کا استعمال ترک کر دیا گیا- اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندگان کو براہ راست نمائندگی دی جائے، اور منارٹیز کے لئے بھی نشستیں مختص کی جائیں-