عمران خان نے سپیکر رولنگ کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ، کیا موقف اپنایا ؟ جانئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کی سپیکر رولنگ کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ آرٹیکل 248 پارلیمنٹ کی کارروائی پر مداخلت سے روکتاہے ، ڈپٹی سپیکر کی رولنگ آرٹیکل 5 کے مطابق تھی ، نظر ثانی کی جائے ، ڈپٹی سپیکر نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کی تھی ، درخواست گزار نے رولنگ کے بعد اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس دی ، آرٹیکل 248 درخواست گزار کو کسی عدالت کے سامنے جواب دہ نہیں بناتا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو بیرون سازش قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی تحریک منظور کی اور اسے مسترد کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔
اجلاس ملتوی ہوتے ہی سابق وزیراعظم عمرا ن خان نے قوم سے خطاب کیا اور اس میں قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میں نے تجویز صدر مملکت کو بھیج دی ہے ، جونہی عمران خان کا خطاب ختم ہوا ساتھ ہی ایوان صدر کی جانب سے وزیراعظم کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ۔
سپیکر رولنگ کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت عظمیٰ نے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا، عدالت نے سپیکر کی رولنگ کو مسترد کرتے ہوئے قومی اسمبلی کو بحال کر دیا اور عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم جاری کیا ۔