"جلسوں کے دوران اپنی تقریر میں فوج کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دینا ٹھیک نہیں" 

"جلسوں کے دوران اپنی تقریر میں فوج کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دینا ٹھیک ...

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ آئین  پاکستان میں فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے، جلسوں میں اپنی تقریروں میں فوج کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دینا یا الیکشن کرانے کا کہنا مناسب نہیں ہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ  فوج کو مداخلت کی دعوت دینا ٹھیک نہیں ہے، ہم بہت عرصے سے اس چیز کو واضح کر رہے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، آئین میں فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے، پچھلے ایک سال میں ہم نے واضح طور پر اس کو لاگو کرکے دکھایا ہے، اس عرصے میں جو بھی الیکشن دیکھ لیں، ہم نے واضح طور پر اپنے آپ کو ان چیزوں سے دور رکھا ہے اور اس کی تصدیق آج تمام سینئر سیاستدان بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں میں اپنی تقریر میں فوج کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دینا انتہائی غیر مناسب ہے، یہ کسی کو بھی زیب نہیں دیتا۔

تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے میجر  جنرل بابر افتخار نے کہا کہ وہ لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے تاہم ہم اپنے فرائض سرانجام دے رہےہیں، پاکستان کے عوام کو کسی طور پر بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مزید :

قومی -دفاع وطن -