ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 
اس ہفتے آپ کے مالی معاملات میں بحکم اللہ بہتری کا امکان ہے، جو رقم کسی جگہ بلاک تھی اس کے واپس ملنے کے امکانات روشن ہیں، کاروباری حضرات کے لئے بھی ان شاءاللہ اچھے دنوں کا آغاز شروع ہو چکا ہے۔ سابقہ نقصانات کا ازالہ ہو گا اور جو لوگ اپنوں کی مخالفت کا شکار ہیں، انہیں ان سے دور رہنے کا مشورہ ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 
حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں، زائچہ بلاک ہو رہا ہے اس سے تمام پچھلے معاملات دوبارہ کھل کر سامنے آ سکتے ہیں اور آپ کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔ جو لوگ صدقہ دیں گے نماز کی پابندی کریں گے اور اللہ پاک کے پیارے پیارے ناموں کا ورد کریں گے، ان کے لئے نجات کا راستہ ہے۔ خاص طور پر یا حی یا قیوم کا ورد 1000 مرتبہ روزانہ کریں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
کسی دوسرے کے مسئلے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کے لئے بلا وجہ کی پریشانیاں اور بلائیں گلے پڑ جائیں گی، ان دنوں چونکہ آپ کا ستارہ خود مشکلات کا شکار ہے۔ پھر اوپر سے مخالفین بھی اپنی سرگرمیوں میں لگے ہوئے ہیں، اس لئے اپنی حفاظت بے حد ضروری ہے۔ آج سے خود کو دوسروں کے معاملات سے پیچھے کر لیں اور حقوق العباد کا خاص خیال رکھیں۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
ایک بار پھر صورتحال بڑی تیزی سے آپ کے لئے بہتر ہو رہی ہے۔ آپ جس مقصد کے لئے بھی اس ہفتے قدم اٹھائیں گے اس میں ان شاءاللہ کامیابی ملنے کا امکان ہے اور جس طرف سے امید لگا رکھی تھی وہ بھی پوری ہو سکے گی جو لوگ عرصہ دراز سے مالی مشکلات میں گھرے ہوئے تھے وہ اب اس سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے، روز گار تلاش کرنے والوں کے لئے بہترین وقت ہے۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
جس طرح آپ چلنا چاہتے ہیں وہ ابھی ممکن نہیں ہے۔ آپ کو اپنے لئے استخارہ کرنا ہوگا تاکہ مناسب راستے کا تعین ہو سکے۔ اس وقت جلد بازی میں اٹھایا گیا قدم مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ ویسے بھی آپ خاندان میں تنہا ہو رہے ہیں اور مطلب نکلنے کے بعد لوگ اب دوری اختیار کر رہے ہیں۔ عزت اسی میں ہے کہ آپ بھی ان سے دور رہیں۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ کسی بھی مسئلے میں کیوں نہ ہوں، بحکم اللہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے، عرصہ دراز سے سر درد بنے ہوئے مسئلے کا حل نکل آئے گا، جو لوگ مالی طور پر خود کو کمزور محسوس کر رہے تھے، ان شاءاللہ ان کا کوئی سبب بن جائے گا اور جو لوگ بندش یا بیماری میں تھے، وہ اب تیزی سے بہتری محسوس کریں گے، سفر کے خواہشمند افراد اس کی تیاری بھی کر لیں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
زبردست قسم کی بد نظری کا شکار لگتے ہیں، اس کی وجہ سے آپ کو ذہنی ڈپریشن، بیماری اور شدید قسم کی پریشانی کا سامنا بھی ہے، جو آپ کے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں وہ اس میں مزید تیزی لا سکتے ہیں۔ آپ سورة حشر کی آخری تین آیات اورسورة قلم کی آخری دو آیات چند دن صبح و شام ضرور پڑھیں اور حسب توفیق صدقہ بھی لازمی دیں۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں، اس میں ناکامی ملتی ہے اور جو بھی کام بڑی کوشش سے کرتے ہیں وہ عین موقع پر آکر خراب ہو جاتا ہے، اس وقت روحانی طور پر بے حد کمزور ہیں۔ نماز کی پابندی کریں اور ہر فرض نماز کے بعد اللہ الحسیب کی ایک تسبیح ضرور کیا کریں۔ اپنی نظر بھی اتاریں اور اپنوں یعنی خاندانی لوگوں سے دور رہنے کی کوشش زیادہ بہتر رہے گی۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
جس طرح سے پچھلے دن آپ نے گزاریں ہیں آپ کی ہمت ہے۔ آپ کو ان شاءاللہ اب ان کا پھل ضرور ملے گا، کوشش کریں کہ اب اپنے لئے تبدیلی حاصل کرنے کی طرف بڑھیں۔ اس کی اشد ضرورت ہے اور برکت بھی ہے۔ ایک بڑا فیصلہ آپ کو کہاں سے کہاں پہنچا سکتا ہے اور آپ کے لئے مستقبل کے راستے کھول سکتا ہے۔ یہ ہفتہ خاص طور پر اسی کام کے لئے ہے، اس میں دیر ہرگز نہ کریں۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 
جن لوگوں نے آپ کوتنگ کئے ہوا تھا، اب ان سے چند دنوں کے لئے دوری ضروری ہے، کہیں بات کسی بڑی لڑائی تک نہ پہنچ جائے۔ اس وقت آپ کی زندگی میں عجیب سی صورت حال ہے۔ شاید کوئی بھی چیز اپنی جگہ ٹھیک نہیں ہے۔ آپ اللہ پاک سے خصوصی دعا کریں اور یا کریم یا سلام یا نصیر یا ولی کا دن میں 1000 مرتبہ ورد کریں اور اپنی نظر بھی اتاریں تاکہ حالات ٹھیک ہو سکیں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 
جس مسئلے کو لے کر کافی دنوں سے پریشان تھے، اس کا حل ان شاءاللہ ضرور نکل آئے گا اور پھر تیزی سے بہتری کی جانب جانا شروع ہو جائیں گے اور جو بند راستے ہیں، وہ سب آہستہ آہستہ کر کے کھل جائیں گے۔ آپ کی اگر توجہ خود پر رہی تو یہ ممکن ہو سکے گا اور اگر دل کسی دل لگی جیسے معاملے میں لگا رہا تو پھر یہ ممکن نہیں ہو گا۔ یہ ہفتہ وارننگ بھی دے رہا ہے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
جن افراد نے اپنے روز گار کے حوالے سے اب کوئی قدم اٹھانا ہے، وہ اللہ کا نام لے کر اٹھا لیں۔ یہ ایک اچھا وقت ہے اس کی قدر کریں قسمت بار بار ایسے مواقع فراہم نہیں کرتی، جو لوگ تھوری سی ہمت کر کے ان دنوں رسک لے کر اپنے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا چاہ رہے ہیں، وہ ضرور کریں۔ اس کا رزلٹ شاندار ملے گا اور جو ہمت نہیں کریں گے، وہ ضرور پچھتائیں گے۔