نائیجیریا ،سکول میں خودکش حملہ، 48ہلاک عالمی برادری کی مذمت
ابو جا (آن لائن+ثناءنیوز)نائیجیریا کے سکول میں ہونے والے خود کش حملے میں 48 طالبعلم ہلاک ہو گئے۔ دھماکہ صبح کے وقت اسمبلی ہال میں ہوا۔نائیجریا کے علاقے پوٹیسکم میں واقع اسکول میں دھماکا صبح کے وقت ہوا۔ جب بچے کلاس سے پہلے اسمبلی ہال میں جمع تھے۔ سکول یونیفارم میں ملبوس خود کش حملہ آور نے بچوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ زوردار دھماکے میں 48 طلباءموقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ درجنوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ثناءنیوز کے مطابق واشنگٹن حکومت نے اس بہیمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی شمالی نائجیریا میں تعلیمی مراکز پر آئے روز ہونے والے حملوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس تازہ حملے کی مذمت کی ہے۔ طبی حکام نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حملہ بوکو حرام نامی تنظیم نے کیا ہے۔