عرب مظاہرین اسرائیل چھوڑ جائیں،نیتن یاہو

عرب مظاہرین اسرائیل چھوڑ جائیں،نیتن یاہو

مقبوضہ بیت المقدس(ثناءنیوز)اسرائیل کے انتہا پسند وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے پولیس فائرنگ کے واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والے عربوں سے کہا ہے کہ وہ صہیونی ریاست چھوڑ جائیں اور جا کر غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے علاقے میں رہیں۔اسرائیلی علاقوں میں آباد عرب صہیونی پولیس کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔اسرائیلی پولیس کے اہلکاروں نے دوروز قبل ایک عرب شخص کو بلاوجہ گولی مار کر شہید کردیا تھا۔اب اس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''جو لوگ (اس واقعے کے خلاف) مظاہرے کررہے ہیں،اسرائیل کی مذمت کررہے ہیں اورایک فلسطینی ریاست کے قیام کامطالبہ کررہے ہیں تو میں ان سے سادہ سی بات کہنا چاہتا ہوں اور انھیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ فلسطینی اتھارٹی یا غزہ کی جانب چلے جائیں''۔صہیونی وزیراعظم نے اپنی جماعت لیکوڈ پارٹی کے ایک اجلاس میں کہا کہ ''میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اسرائیلی ریاست آپ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی''۔ان کا اشارہ اسرائیلی علاقوں میں آباد عربوں کے غرب اردن اور غزہ کی پٹی کی جانب ہجرت کی طرف تھا۔

اسرائیلی پارلیمان کے معروف عرب رکن احمد طبی نے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے اپنی دائیں بازو کی جماعت کے ارادوں کا کھلے بندوں اظہار کردیا ہے حالانکہ اس طرح کی باتیں تو کسی سابقہ وزیراعظم نے بھی نہیں کی تھیں۔حتی کہ مینخیم بیگن اور اضحاک شامیر نے بھی نہیں کی تھیں''۔

مزید : عالمی منظر


loading...