یوگنڈا میں پاکستانیوں کیلئے کاروبار کے لامحدود مواقع ہیں: ڈاکٹر محمد احمد کیسولے

یوگنڈا میں پاکستانیوں کیلئے کاروبار کے لامحدود مواقع ہیں: ڈاکٹر محمد احمد ...

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) یوگنڈا کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے لامحدود مواقع موجود ہیں لہذا پاکستانی تاجر برادری ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے یوگنڈا میں سرمایہ کاری کرنے پر غور کرے۔ ان خیالات کا اظہار ایران و پاکستان کیلئے یوگنڈا کے سفیر ڈاکٹر محمد احمد کیسولے نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوگنڈا سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری ایم وانیکا بریان فونکس اور ریپبلک آف یوگنڈا کے صدر کے اسسٹنٹ اوسن ملٹن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ یوگنڈا کے سفیر نے کہا کہ ان کے ملک میںغیر ملکی سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری پر 300سے 400فیصد منافع کماتے ہیں اور پاکستانی سرمایہ کار یوگنڈا میں موجود سرمایہ کاری کے ان پرکشش مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے یوگنڈا کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوگنڈا میں پاکستان کیلئے خاص طور پر فارسوٹیکل، سٹیل، ماربل، فوڈ پراسسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگنڈا میں کاروبار کیلئے قائم کرنے کیلئے زمین کی قیمتیں بہت سستی ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگنڈا پاکستان کو مشرقی افریکہ کی بڑی مارکیٹ تک آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے یہ مناسب وقت ہے کہ وہ یوگنڈا میں کاروبار قائم کر کے مشرقی افریکہ کے ممالک کی مارکیٹوں میں اپنی مصنوعات کی برآمد بڑھانے کی کوشش کریں۔

 اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ یوگنڈا کی مارکیٹ کی صلاحیت کے بارے میں پاکستان کی تاجر برادری کو مکمل معلومات نہیں ہیں جس وجہ سے پاکستان اس خطے کے ساتھ تجارت کو بہتر طور پر فروغ نہیں دے سکا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ بڑھائیں تا کہ تاجر برادری باہمی تعاون کو فروغ دینے کے نئے موقع تلاش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہت سی مصنوعات بشمول ٹیکسٹائلز، ادویات،سٹیل، چاول و دیگر کھانے پینے کی چیزیں، آلات جراحی، سپورٹس گڈز، چمڑے کی مصنوعات وغیرہ یوگنڈا اور مشرقی افریکہ کے ممالک کی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں لہذا دونوں ممالک باہمی تجارت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کریں تاکہ پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے جس سے دونوں کی معیشت مضبوط ہو گی اور عوام کو بھی کافی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس پاکستان اور یوگنڈا کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کیلئے یوگنڈا کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر تمام ممکنہ کوششیں کرے گا تا کہ دونوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو اصل صلاحیت کے مطابق ترقی دے کر منافع بخش نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

مزید :

کامرس -