جسٹس (ر) طارق پرویز کو چیف الیکشن کمشنر لگانے پر اتفاق؛ تا حال کسی نے رابطہ نہیں کیا : جسٹس طارق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور اپوزیشن کی اکثر جماعتوں میں جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے میں صرف ایک دن باقی رہ گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس، جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی کی طرف سے عہدہ قبول کرنے سے معذرت اور جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی اور جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کے ناموں پر اتفاق نہ ہونے پر جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ انہیں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ، اے این پی اور کیو ڈبلیو پی کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعیناتی آئینی ضرورت ہے جو پوری کی جانی چاہئے، ہر کوئی معذرت کرتا رہے گا تو کیا ہوگا کسی نہ کسی کو تو یہ عہدہ قبول کرنا ہی ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس عہدے پر تعیناتی سے متعلق مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تاہم جب رابطہ کیا گیا تو فوری جواب دوں گا۔