اچھرہ سے سوا کروڑ کا سونا لوٹ لیا گیا ،ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے بچہ جاں بحق
لاہور(کرائم سیل)لاہور کے علاقے اچھرہ میں سوا کروڑسے زائد مالیت کے سونے کی ڈکیتی جبکہ ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے 14سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اچھرہ کے علاقہ ریڑھیاں والا چوک میں موٹرسائیکلوں پر سوار7ڈاکوﺅں نے ارشد نامی جیولر کی دکان سے سوا کروڑ مالیت کا سونا لوٹ لیا، دکاندار کی چیخ و پکار پر ڈاکوﺅں نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور بڑے اطمینان سے کافی دیر مسلسل فائرنگ کرتے رہے جس کی زد میں آکر راہ گیر 14سالہ احمد سیال موقع پر جاں بحق جبکہ بدر اور اصغر نامی دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ڈاکو واردات کے بعد اطمینان سے موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس حسب سابق دیر سے پہنچی جس پر جیولر مارکیٹ کے تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی،تاجر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے فیروز پورروڈ پر آگئے اس دوران فیروز پورروڈ پر ٹریفک جام ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،صورتحال کنٹرول سے باہر ہونے پر ایس پی سی آئی اے عمرورک اور ایس پی ماڈل ٹاﺅن محمد باقر موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات شروع کردئیے،48گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری اور مال کی برآمدگی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونےوالا راہگیر بچہ مقامی ریڑھیاں والا چوک کا رہائشی اور گھر سے سبزی لینے نکلا تھا،دوسری جانب ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے شدید زخمی دو افراد کی حالت ہسپتال میں نازک بیان کی جارہی ہے۔ رات گئے پولیس نے مدعی کی درخواست کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا۔
سوا کروڑ کی ڈکیتی