سیلاب متاثرین کی آبادکاری و جلد بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے،شجاع خانزادہ

سیلاب متاثرین کی آبادکاری و جلد بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے،شجاع ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ وچیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب زدگان کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ متاثرین کی آبادکاری و جلد بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس سلسلہ میں تمام حکومتی مشینری اور وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں متاثرین سیلاب کی بحالی کے اقدامات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ پاشا، چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف اور تمام متعلقہ سیکرٹری صاحبان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کی جاچکی ہےں کہ وہ علاقے کے لوگوں کے گھروں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں ۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مالی امداد کے لیے16ارب روپے کے تاریخی پیکج کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکاہے اور آج(11نومبر2014ئ) تک38ہزار سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کے پے آرڈر دے دئیے گئے ہیں جو نیشنل بینک آف پاکستان، بینک آف پنجاب ، حبیب بینک، مسلم کمرشل بنک اور یونائٹیڈ بینک سے60یوم کے اندر کیش کرائے جاسکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سروے ٹیموں کی رپورٹ کی روشنی میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مکان کے جزوی نقصان کی صور ت میں 40ہزار روپے، مکان کے مکمل نقصان کی صورت میں80ہزار روپے، فصل کے نقصان کی مد میں 10ہزار روپے فی متاثرہ ایکڑ(ساڑھے 12ایکڑ تک فی کسان) جبکہ متاثرہ علاقوں کے غریب خاندانوں کے لیے روزگار سپورٹ پروگرام کے تحت 10ہزار روپے دے رہی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -