دھرنوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والی بیرونی ادائیگیاں متاثر ہوئیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو زمینی حقائق کا ادراک نہیں، دھرنوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والی بیرونی ادائیگیاں متاثر ہوئی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اگست اور ستمبر میں ملک کو معاشی طور پر نقصان ہوا اور دھرنوں کی وجہ سے او جی ڈی سی ایل کے شیئرز کی قیمت گر گئی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محنت کر رہے ہیں اور سرمایہ کاری کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے ، ہر آنے والا دن معاشی صورتحال میں بہتری لائے گا اور 31 دسمبر سے پہلے تمام مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اب کچھ مثبت باتیں سامنے آئی ہیں، تمام سیاسی جماعتیں مل کر اکنامک روڈ میپ بنائیں۔