زبان سے جانئے اپنی صحت کا حال

زبان سے جانئے اپنی صحت کا حال
زبان سے جانئے اپنی صحت کا حال

  

لندن(نیوزڈیسک)اس با ت میں کوئی شک نہیں کہ اچھی زبان شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ اگر اس کا اچھا استعمال کیا جائے تو لوگ آپ کی تعریف کرتے ہیں اوراگر آپ اس سے غیبت اور بری باتیں نکالیں تو لوگ آپ سے دور بھاگتے ہیں۔یہ نا صرف آپ کی شخصیت کا پتا دیتی ہے بلکہ زبان کے ذریعے انسانی صحت کے بارے میں بھی علم ہوتا ہے۔ قدیم چینی اور یونانی طبیب زبان کی رنگت، ہئیت وغیرہ سے صحت کا پتا چلا کر علاج کیا کرتے تھے۔ آئیے آپ کو انسانی زبان سے متعلق دلچسپ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ ان معلومات سے آپ کو اپنی صحت کے بارے میں بھی علم ہوگا۔

رنگت

ایک صحت مند زبان کی رنگت گلابی ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر زبان کا رنگ سیاہ، براﺅن یا سیاہی مائل ہو تو یہ سگریٹ ، پان اور دیگر مشروبات کے زائد ستعمال کی وجہ سے ہے۔ یہ اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ آپ کے معدے میں تکلیف ہے۔ اسی طرح اگر آپ کی زبان پیلی ہے تو یہ اس بات کی غمازی ہے کہ آپ کے جسم میں خون کی کمی ہے اور آپ کو فوراً ایسی خوراک کا استعمال کرنا ہے جس سے خون بننے میں مدد ملے۔ اگر زبان پر سفید تہہ نظر آئے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کا جگر اور مثانہ ٹھیک کام نہیں کر رہا۔ اگر زبان کا رنگ جامنی ہو جائے تو فوراً سے پہلے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ آپ کو تمام ایسی اشیاءچھوڑ دینی چاہئیں جو صحت کے لئے نقصان دہ ہو مثلاً سگریٹ، مشروبات، پان وغیرہ انتہائی خطرناک ہیں۔

ظاہری ہئیت

صحت مند انسان کی زبان بالکل صاف ہوتی ہے ۔ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ صحت مند جسم میں زبان کا رنگ ہلکا گلابی اور یہ نمی سے بھرپور ہوتی ہے۔ اگر زبان کی قدرتی بناوٹ میں کوئی تبدیلی آجائے تو یہ اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ آپ کے جسم میں غیرمعمولی تبدیلیاں ہو رہی ہیںاور آپ جسم میں آئرن کی کمی کا شکار ہورہے ہیں۔اسی طرح اگر زبان پر دھبے نمودار ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے جسم میں الرجی ہو رہی ہے۔ اگر زبان پر چھالے یا دانے بن رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ گوشت، انڈے یا گرم چیزوں کا حد سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔زبان کا خشک ہونا اس بات کی غمازی ہے کہ آپ ذہنی تناﺅ کا شکار ہیں۔

زبان کو صاف رکھیں

ہمیشہ یہ کوشش کریں کہ آپ کی زبان صاف رہے کیونکہ اگر آپ کی زبان گندی ہو گی تو اس پر بیکٹیریا کی افزائش ہو گی اور آپ کے منہ میں فنگس اور دیگر انفیکشن کا احتمال ہوگا جبکہ آپ کے منہ سے انتہائی ناگوار بوبھی آئے گی ۔لہذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ برش کرنے کے بعد زبان کو اچھی طرح صاف کریں۔

مزید :

تعلیم و صحت -