عمران کالے جادو سے چھٹکارے کیلئے رات سونے سے پہلے 10 مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھیں: اکرم درانی کا مشورہ
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ اکرم خان درانی نے عمران خان کو کالے جادو سے چھٹکارا حاصل کرنے کا وظیفہ بتائے ہوئے کہا ہے کہ آپ روزانہ سونے سے پہلے 10 دفعہ آیۃ الکرسی پڑھ لیا کریں۔ پھر لوگ آپ کو چھوڑ کر نہیں جایا کریں گے۔ ارکان پارلیمنٹ کو سڑکوں کی بجائے ایوان میں آکر اپنی بات کرنی چاہئے۔ سڑکوں کا شوق ہے تو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیدیں۔ ایک دن میں نظام بدلنے کی باتیں کرنا پاگل پن ہے۔ سیاست برداشت اور تحمل کا نام ہے۔ گالی گلوچ کی سیاست تقسیم پیدا کرتی ہے۔ وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نمائش کیلئے سڑکوں پر جاتے ہیں۔ اگر ان کو سڑکوں پر جانے کا اتنا ہی شوق ہے تو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیدیں۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ سیاست برداشت اور تحمل کا نام ہے۔ گالی گلوچ کی سیاست تقسیم پیدا کرتی ہے۔