سڑک تعمیر تک بچوں کو انسداد پولیو قطرے نہیں پلائیں گے: عمائدین
مالاکنڈ (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پی کے کے ضلع ملاکنڈ میں مقامی لوگوں نے سڑک کی تعمیر مکمل نہ ہونے تک بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا ہے۔ یہ فیصلہ ملاکنڈ کے علاقے خانوڑی میں ہونے والے مقامی جرگے میں علاقے عمائدین کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کے بعد اس علاقے کے سینکڑوں بچے پولیو سے بچاﺅ کے حفاظتی قطروں سے محروم ہوگئے ہیں۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے کے دوسرے قصبے سے روڑ کی تعمیر پر کئی سالوں سے تنازع چلا آ رہا ہے جس کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے کئی بار درخواست کی گئی ہے لیکن انتظامیہ مسئلے کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہی۔ علاقے کے عمائدین پر مشتمل جرگے میں یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ جب تک روڈ کی تعمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک کسی بھی بچے کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جائیں گے اور اگر کسی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے تو انہیں علاقہ بدر کیا جائیگا۔