2.2 ارب روپے کی وصولی کیلئے ایف بی آر نے پی آئی اے کے اکاﺅنٹس منجمد کردیئے
کراچی(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے2.2 ارب روپے کی وصولی کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) کے بنک اکاﺅنٹس منجمد کردیے ہیں۔ قومی فضائی کمپنی نے مسافروں سے یہ رقم فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصول کی لیکن قومی خزانے میں جمع نہیں کرائی۔ اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق بنک اکاﺅنٹس جمعہ6 نومبر کو بند کیے گئے جس کے باعث پی آئی اے کوئی لین دین نہیں کرپارہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واجبات کئی ماہ سے زیر التواءہیں۔ واجب الادا رقم2.2 ارب روپے ہے جو مارچ تا جون2015 کی ہے۔ پی آئی اے ادائیگی کی مسلسل یقین دہانی کرارہی تھی مگر ادائیگی نہیں کی گئی جس پر بینک اکاﺅنٹس منجمد کردیئے گئے۔ اخبار کے مطابق چیئرمین پی آئی اے اور چیئرمین ایف بی آر کے درمیان اس معاملے پر منگل کوبات چیت ہوئی فضائی کمپنی ممکنہ طور پر چیک جاری کرے گی تاکہ بنک اکاﺅنٹس کھل جائیں۔