یونس خان کا ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان

یونس خان کا ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان

  

 ابوظہبی (اے پی پی) پاکستان ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بدھ کو یونس خان نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پندرہ سے بیس سالا کرکٹ سے رغبت کے بعد اسے چھوڑنے کا فیصلہ انتہائی تکلیف دہ اور مشکل ہے تاہم میں نے ٹیم کے وسیع مفاد میں یہ قدم اٹھایا ہے، میرے اس فیصلے کے بعد ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے جگہ خالی ہو گئی ہے، امید ہے کہ وہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میں کیریئر کے دوران ملک کی نمائندگی کر کے بہت لطف اندوز ہوا اور میں ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو طول دینے کیلئے ون ڈے کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں اپنے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بارے آگاہ کر دیا ہے اور کیریئر کے دوران تمام ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔ پاکستانی ٹیم کے مینجر انتخاب عالم نے بھی یونس کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔ یونس نے 13 فروری 2000ء میں سری لنکا کے خلاف کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پندرہ سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے 265 ایک روزہ میچ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -