یونس خان 29نومبر 1977کو مردان خیبر پختونخواہ میں پیدا ہوئے

یونس خان 29نومبر 1977کو مردان خیبر پختونخواہ میں پیدا ہوئے

  

لاہور(کامرس رپورٹر)ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان یونس خان 29نومبر 1977کو مردان (خیبر پختونخواہ )میں پیدا ہوئے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف ابوظہبی میں ہونے والے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ سے قبل یونس خان نے پاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر 264ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن کی 254اننگز میں انہوں نے 31.34کی اوسط سے 7240رنز بنائے جن میں 7سینچریاں ،48نصف سینچریاں شامل ہیں ۔وہ ون ڈے کرکٹ میں 56چھکے لگا چکے ہیں ۔انہوں نے اپنے ون ڈے کیئرئر کا آغاز 13فروری 2000کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے میچ سے کیا ۔انہوں نے اس میچ میں 46رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے تاہم پاکستان یہ میچ 29رنز سے ہار گیا تھا ۔یونس خان کا ون ڈے کیئرئر پندرہ سال پر محیط تھا ۔یونس خان اسوقت ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے ۔گزشتہ ماہ انہوں نے ٹیسٹ میچزمیں جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا تھا اور وہ پاکستان کے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں ۔یونس خان ٹیسٹ میں بہت اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے گزشتہ 15ٹیسٹ میچز میں 68.68کی اوسط سے 8سینچریاں سکور کی ہیں ۔یونس خان پاکستان کی طرف سے 2005,2006اور 2009میں کپتانی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے بہت خوش ہیں ۔انہوں نے اپنی فیملی ،بیوی اور قریبی دوستوں سے مشورہ کرنے کے بعد اپنی ون ڈے کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔میں اپنے فیصلے سے مطمئن ہوں اور اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھ پر بے شمار رحمتیں کی ہیں ۔میر ی ون ڈے کرکٹ سے اپنی مرضی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی اللہ کی بہت سے کرم نوازیوں میں سے ایک ہے ۔میں نے بطور کپتان اور کھلاڑی مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی ہے اور اب میں سمجھتا ہوں کہ میرا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مناسب وقت ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی بھی میری طرح جذبے سے کرکٹ کھیلیں گے ۔میں نے اپنی کرکٹ ڈسپلن اور فٹنس کے ساتھ کھیلی ۔

میں پی سی بی سلیکشن کمیٹی ،ساتھی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھے ہمیشہ عزت دی اور حوصلہ افزائی کی ۔ہماری ٹیم ون ڈے کرکٹ میں چیمپئن رہ چکی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس میں مستقبل میں بھی دوبارہ چیمپئن بننے کی بھرپور صلاحیتیں ہیں ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -