ویمن اے کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی

ویمن اے کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)قومی ویمن اے کرکٹ ٹیم کے کوچ طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستانی ویمن اے کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا کے دوران بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کامیاب وطن واپس لوٹے گی ۔کنٹری کلب مریدکے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سری لنکا کی ویمن اے ٹیم کے ساتھ مقابلے سخت ہوں گے تاہم ہمارے کھلاڑیوں کی بولنگ بہترین ہے اور کسی بھی میچ کی کامیابی میں بولنگ اہم کردار ادا کرتی ہے ۔سری لنکا اور پاکستان کی کنڈیشنز تقریبا ایک جیسی ہیں اور ٹیم کو وہاں کھیلتے ہوئے کسی مسئلہ کا سامنا نہیں ہوگا ۔ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر کی گئی ہے اور مجھے امید ہے کہ ٹیم میں شامل تین چار کھلاڑی سینئر ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ دورہ سری لنکا کے لئے کنٹری کلب مریدکے میں جاری تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس ،بولنگ ،بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کے لئے دو سیشن میں ٹریننگ ہورہی ہے ۔کھلاڑیوں کو پریکٹس میچز بھی کھیلائے جارہے ہیں تاکہ انہیں میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو۔کیمپ جمعرات کی صبح ختم ہوجائے گا اور ٹیم جمعرات کی رات ہی سری لنکا روانہ ہوجائے گی ۔۔طاہر محمود نے کہاکہ پاکستان میں ویمن کرکٹرز کا بہت ٹیلنٹ ہے لیکن ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے ان کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔کھلاڑیوں کو اندرون و بیرون ملک جتنے زیادہ میچز کھیلنے کو ملیں گے اتنی ہی ان کی پرفارمنس میں بہتری آئے گی ۔طاہر محمود کا کہنا تھا کہ ٹیم جیت کے جذبہ سے سر شار ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ دورہ سری لنکا کے دوران وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی ویمن کرکٹ ٹیمیں کافی عرصہ سے کھیل رہی ہیں جبکہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کو شرو ع ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن پاکستان ویمن ٹیم کی کارکردگی بہترین رہی ہے ۔