ایف پی سی سی آئی انتخابات، پی سی ڈی ایم اے نے کسی کی حمایت نہیں کی
کراچی (اے پی پی) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات برائے 2016ء میں کسی گروپ کی حمایت کا تاحال فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ایسوسی ایشن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فیڈریشن کے انتخابات میں حمایت کا فیصلہ کونسل کے اجلاس میں متفقہ رائے کے بعد کیا جائے گا۔ پی سی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات میں حمایت کے حوالے سے نہ تو کونسل کا کوئی اجلاس منعقد ہوا ہے اور نہ ہی آفیشل طور پر کسی کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی سی ڈی ایم اے کے لئے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدوار معزز اور قابل احترام ہیں لہٰذا جلد ہی کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں فیڈریشن کے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق حکمت عملی وضع کی جائے گا اور اتفاق رائے سے حق رائے دہی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔