پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک صدی کا کامیاب سفر مکمل کرنے کی طرف گامزن ہے: صدر محمد ایوب

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک صدی کا کامیاب سفر مکمل کرنے کی طرف گامزن ہے: صدر ...

  

لاہور (پ ر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ پاکستان بھر میں کوآپریٹو سیکٹر کا واحد شیڈولڈ بینک ہے جو اپنے قیام کی ایک صدی کا کامیاب سفر مکمل کرنے کی طرف گامزن ہے۔ اس کا اظہار صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک محمد ایوب نے گلگت بلتستان سے رجسٹرار کوآپریٹوز گلگت بلتستان محمد امین کی سربراہی میں مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے کوآپریٹو اداروں کے نمائندہ وفد کو بینک کی کارکردگی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تنظیم نو کا کام تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف رواں دواں ہے ۔بینک کی 9 برانچوں کو ماڈل برانچ کا درجہ دیکر وہاں پر جدید بینکنگ کی تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں اے ٹی ایم کی فراہمی کا کام جاری ہے۔ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سٹاف کو جدید بینکنگ کی ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ وہ موجودہ حالات کے مطابق بہترین نتائج دے سکیں

برانچوں کو آٹو میٹڈ کرنے کے ساتھ ساتھ آن لائن بینکنگ بھی متعارف کروائی جاچکی ہے انہوں نے بتایا کہ بینک اس وقت سالانہ تقریباً 10 ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کر رہا ہے اور جلد ہی متعدد نئے پراجیکٹ متعارف کروائے جارہے ہیں۔ محمد ایوب نے وفد کو بتایا کہ بینک کے غیر فعال قرضہ جات کی وصولی مہم کے سلسلہ میں خاطر خواہ کامیابی ہوئی ہے اور بینک کے منافع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ گلگت بلتستان کے کوآپریٹو اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان میں کوآپریٹو ادارے اپنے صوبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں وفد نے صدر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک محمد ایوب کا شکریہ ادا کیا محکمہ امداد باہمی پنجاب اور بینک کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

کامرس -