بنچ اور بار کے تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،شرجیل عدنان شیخ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کے عہدہ کے امیدوار بیرسٹر شرجیل عدنان شیخ نے کہا ہے کہ بنچ اور بار کے تعاون کو مستحکم کرنے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی ، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور قانونی امور میں ہر شہری کو اس کی جائز رہنمائی کا حق فراہم کرنے کے لئے بار ایسوسی ایشن کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔ جمہوری اقدار کے تحفظ اور آئین کی پامالی کے ذریعے جمہوریت کوپٹڑی سے اتارنے والے اقدامات سے نمٹنے کے لئے بھی معاملات طے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا میری کوشش ہوگی کہ وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور بار کو ایک مستحکم ادارہ بنانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ بجٹ کے استعمال کے لئے کوئی شفاف طریقہ کار اپنایا جائے جبکہ وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے بار کے کھلے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ جہاں وکلاء فوری طور پر اپنے مسائل اور تحفظات کا بر ملا اظہار کر سکیں گے۔ کم آمدنی والے وکلاء کے لئے بہبود فنڈ بھی قائم کیا جائے گا جس کے تحت پینشنرز بچے بچیوں کی شادی کے لئے خصوصی فنڈ کے علاوہ طبی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائے جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون کے شعبہ سے اپنے اور اپنے خاندان کی قلبی وابستگی کے پس منظر اور اعلیٰ خدمات کے پیش نظر اپنے ساتھیوں کی بھرپور خواہش کے تحت وہ وکلاء برادری کی خدمت کے جذبہ کے تحت اس عہدہ پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔یاد رہے کہ شرجیل عدنان شیخ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سابق صدر سپریم کورٹ بار محمد اکرم شیخ کے صاحبزادے اور بیرسٹر کامران شیخ کے بھائی ہیں۔
شرجیل عدنان شیخ