ملک منیر حسین کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کیمپس کیس میں عبوری ضمانت
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ’’ دی لمٹ گروپ آف کالجز ‘‘کے مالک ملک منیر حسین کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کیس میں 26نومبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی ۔مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ اور مسٹر جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملک منیر حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے اسے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کا کیمپس لاہور میں کھولنے کے ریفرنس میں بے بنیاد ملوث کیا ہے اور طلبی کے نوٹسز بھجوا کر ہراساں کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے رجسٹرار کے طور پر بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس میں طلباء کے داخلہ کے لئے کوئی اشتہار نہیں دیا وہ اس فراڈ میں ملوث نہیں ہے، خدشہ ہے کہ نیب حکام درخواست گزار ملک منیر حسین کو گرفتار کر لیں گے، اس لئے عبوری ضمانت کی درخواست منظور کی جائے ،عدالت نے 26نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیاہے۔