رائیونڈ سے گرفتار5دہشتگرد گروپ وزیراعظم کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،رانا ثناء اللّٰہ

رائیونڈ سے گرفتار5دہشتگرد گروپ وزیراعظم کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،رانا ثناء ...

  

لاہور (آئی این پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ رائیونڈ کے قریب سے 5دہشت گرد گروپ گرفتار کئے گئے ہیں جو وزیراعظم کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، دہشت گرد تنظیموں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘نے وزیراعظم کے رائیونڈ ہاؤس کو ٹارگٹ کرنے کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی رہائش گاہ کے قریب سے پانچ مختلف دہشت گرد گروپ پکڑے گئے ہیں، یہ دہشت گرد وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی سیکیورٹی پر اتنے زیادہ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں تو ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ اگر خدا نہ کرے دہشت گرد وزیراعظم پاکستان کو ٹارگٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو پھر ہمارے ملک اور آپریشن ضرب عضب کا کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشت گرد گرفتار کئے گئے ہیں، ان کے پاس جتنی بھاری مالیت کا اور جدید طرز کا اسلحہ اور سرنگ بنانے والے ہتھیار تھے ان کی مالیت اتنی زیادہ ہے کہ اس کے مقابلے میں وزیراعظم ہاؤس پر آنے والے سیکیورٹی اخراجات کچھ بھی نہیں ہیں۔

رانا ثناء اللہ

مزید :

صفحہ آخر -