اِنڈس کیس کیڈ پاکستان میں مستقبل کا انرجی کوریڈور ہے ،چیئرمین واپڈا

اِنڈس کیس کیڈ پاکستان میں مستقبل کا انرجی کوریڈور ہے ،چیئرمین واپڈا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں گلگت بلتستان میں واقع واپڈا کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن بھی اجلاس میں شریک تھے۔ بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان گلگت بلتستان میں موجود پانی اور پن بجلی کے وسائل کو نہایت اہمیت دیتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں موجود اِنڈس کیس کیڈ (Indus Cascade) پاکستان میں مستقبل کا انرجی کوریڈور ہے ۔ چیئرمین نے بتایا کہ 7100میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے بونجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پی سی ون منظوری کے لئے پلاننگ کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے ۔ تاہم انڈس کیس کیڈ پرکچھ منصوبے ایسے بھی ہیں جن کا پی سی ون تیار نہیں ہے ۔ ان منصوبوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں تعمیر کرنے کے لئے واپڈا نے ایک پالیسی تیار کرکے منظوری کے لئے وزارتِ پانی و بجلی کوبھجواد ی ہے ۔ چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پرواپڈا چلاس اور گلگت میں دو ٹیکنکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم کر رہا ہے ۔ان اداروں میں مقامی افرا کو تین تین سال کی مدت کے کورسز کرائے جائیں گے تاکہ واپڈا کے منصوبوں کے لئے مقامی افراد پر مشتمل تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ان تربیت یافتہ افراد کو واپڈا کے منصوبوں پر ترجیحی بنیاد پر ملازمت مہیا کی جائے گی ۔ جبکہ ایسے لوگ جو مزید تعلیم کے خواہشمند ہوں گے انہیں تربیلا میں قائم کی جانے والی واپڈا یونیورسٹی میں داخلہ بھی دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا گلگت بلتستان کی حکومت کو پانی اور پن بجلی کے وسائل سے استفادہ کرنے کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -