عوام کے حقوق پر عملدارآمد کی بات ہو تو حکمران اندھے گونگے ہو جاتے ہیں: سراج الحق

عوام کے حقوق پر عملدارآمد کی بات ہو تو حکمران اندھے گونگے ہو جاتے ہیں: سراج ...

  

اسلام آباد، لاہور(اے این این )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عملدرآمد کیلئے آئین کی صرف وہی دفعات دکھائی دیتی ہیں جن سے ان کے اختیارات میں اضافہ اور اقتدار کو تحفظ ملتا ہو،جن دفعات میں عوام کے حقوق کی بات ہو وہاں یہ اندھے اور گونگے ہوجاتے ہیں ۔ماں اور بچے کے تحفظ کے بلند بانگ حکومتی دعوؤں کے باوجود چائلڈ پروٹیکشن کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ،اسلام آباد اور پنڈی میں نابالغ بچے ہوٹلوں ،ورکشاپوں اور فٹ پاتھوں پر مجبوراً مزدوری کرتے نظر آتے ہیں ۔انہوں نے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں میں حکومت کی روائتی سستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور برف باری میں زلزلہ متاثرین کھلے آسمان تلے ٹھٹھر رہے ہیں جبکہ حکمرانوں نے اے سی بند کرکے ہیٹر لگانا شروع کردیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موسمی تبدیلیوں سے آنے والے سیلابوں ،زلزلوں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہئے ،عوام کے جان و مال کو قدرتی آفات سے بچانا بھی دفاع ہی کی طرح اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ چترال اور خیبر پختونخواہ میں آنے والا سیلاب ایک وارننگ تھی اگر،گلیشئرپگھلنا شروع ہوگئے تو اس طوفان کو روکناممکن نہیں ہوگا۔ آئندہ سو سالوں کے ترقی اہداف طے کرنے کیلئے اسلام آباد کی بجائے صوبوں کی سطح پر منصوبہ بندی ہونی چاہئے۔ اسلام آباد نے انہیں ان کے حصے کے وسائل سے محروم رکھا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -