کینٹ بورڈ میں جنوری سے ابتک ڈینگی مہم کے تحت 320مقدمات درج

کینٹ بورڈ میں جنوری سے ابتک ڈینگی مہم کے تحت 320مقدمات درج

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی لبنی فیصل نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز لاہور میں یکم جنوری سے اب تک 320 افراد کے خلاف اینٹی ڈینگی ریگولیشن پر ایف آئی آر درج ہوئیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ ز کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے 11 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔ ہائی رسک اور ریڈ الرٹ ایریاز میں نشاندہی والے مقامات پر ٹارگٹڈ فوگنگ اور سپرے بھی کیا جا رہا ہے ۔ انسداد ڈینگی ٹیمیں اور متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس یقینی بنائیں اور رہائش گاہوں ،چھتوں،گملوں،تالابوں اور پانی کی سٹوریج یا لیکچ کے امکان والے تمام مقامات پر خصوصی توجہ دیں۔حکومت پنجاب عوامی نمائندوں، تمام متعلقہ محکموں اور معاشرے کے ہر فرد کے تعاون سے اس سال بھی ڈینگی کی روک تھام کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اے سی کینٹ راؤ امتیاز کے ہمراہ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ و کنٹونمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال ،سینئر انٹامالوجسٹ ڈاکٹر انعام الحق ، لاہورکنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں،پرنسپلز گورنمنٹ گرلز اسلامیہ کالج کینٹ، گورنمنٹ رابعہ بصری کالج، خواجہ رفیق شہید کالج کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت ،کوآپریٹو، فشریز، ڈی ایچ اے اور آرمی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کوہدایت کی کہ گذشتہ سال کے کامیاب طے شدہ لائحہ عمل اور طریقہ کار کواپناتے ہوئے اس سال بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس یقینی بنائیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -