سابقہ ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی سائیں ڈکیت گینگ کا سر غنہ 7 ساتھیوں سمیت گرفتار

سابقہ ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی سائیں ڈکیت گینگ کا سر غنہ 7 ساتھیوں سمیت ...

  

 لاہور(سٹی رپورٹر)سی آئی اے سٹی پولیس نے ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی سائیں ڈکیت گینگ کے8ملزموں کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کا لوٹا ہوا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم نے مختلف اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے بین الاضلاعی سائیں ڈکیت گینگ کے سرغنہ افضل عرف سائیں اور اس کے 7ساتھیوں زغفران، ثاقب علی، اسلم، مدثر علی، شعبان، حنیف اور ساجد کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں میں لوٹے ہوئے16لاکھ روپے80ہزار روپے نقدی، طلائی زیورات،دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شاہراؤں پر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے سمیت گھروں میں داخل ہو کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کرقیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس سے قبل بھی ڈکیتی اورراہزنی کے مقدمات میں کئی بار جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ موچی گیٹ، رنگ محل، نولکھا، لوہاری گیٹ، ٹبی سٹی، لوئر مال،بادامی باغ، لاری اڈا، گڑھی شاہو، ریس کورس ، مزنگ، سندر، نشتر کالونی، مانگا منڈی، شاہدرہ، سرائے مغل ضلع قصور، لڈن، میراں ضلع وہاڑی اور مانگٹانوالہ ضلع ننکانہ کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیاہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمر ریاض چیمہ نے ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -