بلاول بھٹوکا پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ

بلاول بھٹوکا پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ

  

لاہور( شہزاد ملک) پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ کے آخر 30نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب لاہور ‘سندھ ‘ بلوچستان اور کے پی کے میں بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیاں کردیں گے۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں انہوں نے پارٹی کے چاروں صوبائی تنظیموں سے ان کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ پارٹی کے یوم تاسیس کو نئے سرے سے آرگنائز کرنے کا اعلان بھی کریں گے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے اندر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں بھی کریں گے اور نئی تنظیم کے اندر نوجوانوں اور خواتین کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی بھی دی جائے گی ۔پیپلز پارٹی کے با اعتماد ذرائع نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی تنظیموں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور انہوں نے یہ پروگرام بنایا ہے کہ جس صوبے کے اضلاع کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہو گی وہاں پر ہنگامی تبدیلیاں کی جائیں گی اور وہاں پر تنظیم سازی میں پارٹی کے بزرگ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل بالخصوص یوتھ سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی آگے آنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ 30نومبر پارٹی کا یوم تاسیس کا دن ہے اسی لئے اس دن کی مناسبت کو سامنے رکھتے ہوئے ہی نئی تنظیم سازی کی جائے گی اور پارٹی کے اندر تبدیلیاں کی جائیں گی اور اسی روز اس عزم کااعادہ کیا جائے گا کہ پارٹی کو بانی چیرمین شہید زوالفقار علی بھٹو کے نظریات و افکار کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -