جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات کے لیے سرگرمیوں کا آغاز

جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات کے لیے سرگرمیوں کا آغاز

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیوں اور تیاریوں کا آغاز ہوگیاہے اور مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے میں عوامی رابطہ مہم جاری ہے ۔جماعت اسلامی کے کارکنان اور ذمہ داران گھر گھر رابطہ کررہے ہیں ۔ضلع وسطی اور ضلع غربی میں درجنوں مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مختلف زونز کے تحت ورکرز کنونشن منعقد کیے گئے اورمختلف مقامات پر انتخابی دفاتر کا افتتاح بھی کیا گیا ۔جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ٖظفر اور ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور چیئرمین ووائس چیئرمین کے امیدواروں نے علاقہ مکینوں ، دوکانداروں اور معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور کارنر میٹنگز اور ورکرکنونشن سے خطاب کیا۔رابطہ عوام مہم کے دوران عوام کی جانب سے زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا گیا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔اس موقع پر ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے ۔منعم ظفر خان اور عبد الرزاق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی اور تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔کراچی کے عوام جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدواروں کو ووٹ دیں تاکہ کراچی کے عوام کی حقیقی قیادت سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے،تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے اور معیار تعلیم کو بلند کر نے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔اسکولوں اور کالجوں میں میرٹ کی پالیسی اپنائی جائے گی اور نئے اسکول اور کالج قائم کیے جائیں گے ۔شہر میں Virtual لائبریریاں قائم کی جائیں گی ۔اعلیٰ تعلیم کے ادارے بنائے جائیں گے اور خواتین کے لیے ٹیکنیکل سینٹر ز قائم کیے جائیں گے ۔کراچی کے شہریوں کے لیے ہر ضلع میں ایک بڑا معیاری سر کاری ہسپتال قائم کیا جائے گا اور مو جودہ چھوٹے اور بڑے تمام سر کاری ہسپتالوں کے معیار کو بہتر کیا جائے گا ۔طبی سہولتوں کو حقیقی معنوں میں بحال کیا جائے گا ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -