میرپورخاص ،ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابی مہم عروج پرپہنچ گئی

میرپورخاص ،ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابی مہم عروج پرپہنچ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میر پور خاص(خصوصی نامہ نگار) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے میرپورخاص میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ۔ ایم کیوایم کے سینئر رہنما سمیت کئی اراکین رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں طوفانی دورے کئے۔ اس حوالے سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان عبدلحسیب اوراقبال مقدم نے مختلف وارڈ ز میں گھر گھر جا کر معززین شہر ،مختلف مکاتب فکر کے علماء اکرام اور برادریوں کے سرکردہ افراد سے ملاقاتیں کیں اور میرپورخاص کی معروف شخصیت سیٹھ عزیز کی فیکٹری میں منعقدہ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کیا ۔کارنر میٹنگ میں عمائدین شہر کے ساتھ ساتھ ، نوجوانوں ، بزرگوں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کارنر میتنگ سے رابطہ کمیٹی کے رُکن عبدلحسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے جس نے غریب اور متوسط طبقے سے جنم لیا اور قائد تحریک الطاف حُسین نے ہمیشہ استحکام پاکستان اور پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے مذہبی رواداری ،فرقہ وارانہ ہم اہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا نہ صرف درس دیا بلکہ اُسکے لیے عملی جدوجہدبھی کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک کرپٹ سیاسی نظام کے ذریعے آنے والے وڈیرے اور جاگیر داروں نے ملکی خزانے کو بے دریغ لوٹا اور اربوں روپے ہڑپ کرگئے اور کسی بھی قسم کے کوئی ترقیاتی کام نہیں کروائے جسکی وجہ سے آج ملک کے 98فیصد غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے میرپورخاص کی ابتر صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ حق پرستوں کے پاس بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے آج پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے اور لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہوگے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے حق پرست عوام سے اپیل کی 19نومبر کو پتنگ پر مہر لگا کر اپنے حق پرست نمائندے کو فتح یاب کروائیں تاکہ میرپورخاص شہر میں صفائی ستھرائی اورپینے کے صاف پانی جیسے دیگر بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔ اس موقع پر سندھ تنظیمی کمیٹی کے رُکن ساجد سراج، زون کمیٹی کے رُکن حاجی عبدالغفور بروہی اور شاہد عباسی بھی موجود تھے۔