چارسدہ ،بار ہ یونین کونسلوں کے تحصیل کونسلروں کو فنڈز کا اجراء
چارسدہ (بیورو رپورٹ) ٹی ایم اے کے وسائل سے بارہ یونین کونسلوں کے تحصیل کونسلروں کو دس دس لاکھ جبکہ 7محصوص کونسلروں کو پانچ پانچ لاکھ کا فنڈ جاری کر دیا گیا۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹینڈر بھی عنقریب جاری کئے جائینگے ۔ تاجروں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 75 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور میونسپل پبلک سکول قائم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ ۔ بازاروں میں سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا بھی فیصلہ ۔عوام کی خدمت کرنا میرا اولین مقصد ہے ۔تحصیل ناظم ظفر علی خان ۔ تفصیلات کے مطابق قومی وطن پارٹی کے رہنماء اور تحصیل ناظم حاجی ظفر علی خان نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ شبقدر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی ایم اے نے اپنے ذاتی وسائل سے شبقدر کے تمام بارہ یونین کونسلوں کے تحصیل کونسلروں کو اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے دس دس لاکھ روپے جبکہ محصوص 7تحصیل کونسلروں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا فنڈ جاری کیا ہے جس کے کے لئے عنقریب ٹینڈر جاری کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ شبقدر بازار میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کیلئے شبقدر بازار میں 75 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جا رہا ہے جس پر ایک ہفتے کے اندر اندر کام شروع کیاجائیگاجبکہ سولر سٹریٹ لائٹس کے منصوبے پر بھی عنقریب کام شروع کیا جائیگاجس سے ٹی ایم اے کو بجلی کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہو گی ۔ شبقدر کے عوام کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے شبقدر بازار میں میونسپل پبلک سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ تحصیل ناظم حاجی ظفر علی نے ٹریفک کے گھمبیر مسائل کے حوالے سے کہاکہ زیادہ تر مسائل پولیس کے پیدا کر دہ ہیں اور پولیس حکام اس حوالے سے کوئی تعاون نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے تحصیل انتظامیہ اپریشن کرتی ہے مگر ٹریفک پولیس کی غفلت سے دوسرے روز پھر غیر قانونی اڈے بن جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے اندر بڑے گاڑیوں کی لوڈ ان لوڈ کیلئے محصوص وقت دیا جائیگا ۔ تحصیل ناظم نے حلیمزئی میں نکاس آب کے مسلے کے فوری حل کے لئے اپنے جیب سے بیس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرا مشن عوام کی خدمت کرنا ہے اور مشن کے تکمیل کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا ۔