فردِ جرم کی نئی تاریخ مقرر،ایان علی کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست

فردِ جرم کی نئی تاریخ مقرر،ایان علی کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست
فردِ جرم کی نئی تاریخ مقرر،ایان علی کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست

  

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی نے پاسپورٹ کی واپسی کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی جبکہ ملزمہ کے عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث فردِ جرم عائد نہ کی جاسکی ۔

کرنسی سمگلنگ کیس کی کسٹم عدالت میں سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران ماڈل ایان علی پہلی دفعہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئیں۔ ملزمہ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ایان علی بیمار ہیں لہٰذا ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے بیماری کا سرٹیفکیٹ طلب کیا۔ ایان علی کے وکیل نے عدالت کے روبرو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا جس پر کسٹم کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ بیماری ملزمہ کی جانب سے فردِ جرم سے بچنے کا بہانہ ہے۔

کسٹم عدالت کے جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جس ڈاکٹر کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیاہے وہ کراچی سے تعلق رکھتا ہے اگر ڈاکٹر کو طلب کرنا پڑا تو مشکل ہوگی آئندہ سماعت پر ایان علی پیش نہ ہوئیں تو سخت کارروائی کریں گے۔

ایان علی کے وکیل کی جانب سے پاسپورٹ کی واپسی کی درخواست بھی دائر کی گئی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ اہم دورے پر ملک سے باہر جانا ہے پاسپورٹ واپس کیا جائے جس پر عدالت نے نئی درخواست پر عدالت نے کسٹم حکام کو نوٹس جاری کردیے۔

ایان علی کے پیش نہ ہونے کے باعث عدالت نے 15 ویں دفعہ فردِ جرم کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے آئندہ سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔

مزید :

راولپنڈی -