میٹرک کے بعد ٹیم میں نام آگیا ،اس لیے پڑھائی جاری نہیں رکھ سکا :عمر اکمل

میٹرک کے بعد ٹیم میں نام آگیا ،اس لیے پڑھائی جاری نہیں رکھ سکا :عمر اکمل
میٹرک کے بعد ٹیم میں نام آگیا ،اس لیے پڑھائی جاری نہیں رکھ سکا :عمر اکمل

  

حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے لیے اپنی تعلیم کو قربان کیا ہے ۔نجی نیوز چینل کے اینکر پرسن نے عمر اکمل سے سوال کیا کہ پی سی بی حکام کے مطابق کم تعلیم کی وجہ سے کرکٹرز کے ساتھ ایسے معاملات پیش آتے ہیں ،کیا اس وجہ سے آپ کے ساتھ یہ مسئلہ درپیش ہے ؟جس کے جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے ،میں بالکل ان پڑھ نہیں ہوں ۔پاکستان کے لیے اپنی تعلیم کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ میٹر ک کرنے کے فوری بعد ٹیم میں نام آگیا تھا جس کی وجہ سے پڑھائی جاری نہیں رکھ سکا ۔ نجی نیوز چینل سماءنیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ میں بے قصور ہوں اور میرا نام بدنام کیا جا رہا ہے جس پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔میرے خلاف سازش ہو رہی ہے،سازش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر وں گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حیدر آباد میں ایک دوست کے گھر کھانے پر مدعو تھے جہاں سے کھانا کھا کر آن ٹائم اپنے فلیٹ واپس آگئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جب کرکٹرز کہیں پر جاتے ہیں تو لوگ اکھٹے ہو جاتے ہیں، میرے ساتھ دیگر کرکٹر بھی وہاںموجود تھے تاہم ان کا نام نہیں لینا چاہتا ۔انہوں نے کہا کہ ابھی نہیں پی سی بی کی جانب سے شو کاز نوٹس موصول نہیں ہوا ہے تاہم جب نوٹس مل جائے گا تو اس کا بھر پور جواب دوں گا اور لاہور میں آکر اس سلسلے میں چیئر مین پی سی بی سے بھی بات کروں گا ۔ایک سوال پر عمر اکمل نے کہا کہ اگر میری ذات پر کوئی سوال اٹھا تو سب سے پہلے اپنی بیوی،والدین اور بھائیوں سے معافی مانگوں گا جو مجھے پیار کرتے ہیں اس کے بعد اپنے مداحوں سے بھی معافی مانگوں گا ۔

مزید :

کھیل -