بھارت کا گوروں کو کرارا جواب، 4 وکٹوں پر 319 رنز بنا لئے

بھارت کا گوروں کو کرارا جواب، 4 وکٹوں پر 319 رنز بنا لئے

  

راجکوٹ(اے پی پی) بھارت نے راجکوٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنالئے اور اسے انگلینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 218 رنز درکار ہیں۔ مرلی وجے نے 126 اور چیتشوار پجارا نے 124 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کپتان ویرات کوہلی 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو راجکوٹ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 63 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو مرلی وجے 25 اور گوتم گمبھیر 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، گوتم گمبھیر گزشتہ روز کے سکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر سکے اور 29 رنز بنانے کے بعد سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس موقع پر مرلی وجے اور چیتشوار پجارا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 209 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 277 تک پہنچا دیا، مرلی وجے 126 اور پجارا 124 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے آنے والے امیت مشرا صفر پر آؤٹ ہوئے، اس طرح بھارت نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 218 رنز درکار ہیں۔ کپتان ویرات کوہلی 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ سٹورٹ براڈ، ظفر انصاری، عادل راشد اور بین سٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -